قائم مقام امریکی معاون وزیر خارجہ ایلس ویلزنے پا کستان کا دورہ مکمل کر لیا

 
0
347

اسلام آباد اگست 05.(ٹی این ایس ) قائم مقام امریکی معاون وزیر خارجہ برائے امور جنوبی و وسط ایشیاء اورقائم مقام خصوصی ایلچی برائے افغانستان و پاکستان ایلس ویلزنے پا کستان کا دورہ مکمل کر لیا۔ایلس نے تین سے چار اگست تک اسلام آباد کا دورہ کیا جو اْن کا خطے کے تعارفی دورے کا حصہ تھا۔امریکی سفارتخانے کے مطابق معاون وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں اپنے دورے کے دوران وزیر خارجہ خواجہ آصف، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ ، وزیر خزانہ اسحٰق ڈاراور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل زبیرحیات سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے اْن پاکستانی طالبعلموں اور اساتذہ سے بھی ملاقات کی جو امریکی محکمہ خارجہ کی مالی معاونت سے چلنے والے دوسالہ انگلش ایکسس مائیکرواسکالرشپ پروگرام میں حصہ لے چکے ہیں۔ ایلس ویلز نے پاکستانی رہنماؤں سے اپنی ملاقاتوں میں دہشت گرد ی کے خلاف لڑائی میں پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ جنوبی ایشیاء کے متعلق حکمت عملی پر نظرثانی کے جاری عمل کا ذکر کرتے ہوئے اْنہوں نے سلامتی ، تجارت اور افغانستان میں استحکام و سلامتی سمیت مختلف شعبوں اورباہمی مفادات میں تعاون کی اہمیت اْجاگر کی۔ انہوں نے اِس بات پر زور دیاکہ پاکستانی سرزمین ہمسایہ ملکوں کے خلاف دہشت گردی کے حملوں یا اْن کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ سفیر ویلز نے پاکستان کو اْس کے 70 ویں یوم آزادی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقع امریکہ اور پاکستان کے مابین سفارتی تعلقات اور اشتراکِ کار کی 70 ویں سالگرہ بھی ہے۔ایلس جی ویلز جنوب و وسط ایشیائی امور کی قائم مقام معاون وزیرخارجہ ہیں۔ دفتر خارجہ میں ملازمت کے دوران حال ہی میں وہ اردن میں سفیر کے طور پر خدمات انجام دیتی رہی ہیں۔ قبل ازیں وہ دفتر خارجہ میں قریب مشرقی امور کے بیورو میں مشیر اعلیٰ ، 2013۔2012 میں وائٹ ہاؤس میں روس اور وسطی ایشیا کے لیے صدر کی خصوصی معاون، 2012۔2011 میں وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن کی انتظامی معاون اور 2011۔2009 کے دوران سیاسی امور کے انڈرسیکرٹری ولیم جے برنز کی انتظامی معاون کے طور پر کام کر چکی ہیں۔سفیر ویلز نے 2006 سے 2009 تک ماسکو کے امریکی سفارتخانے میں سیاسی امور کی منسٹر قونصلر کے طور پر کام کیا ۔ وہ روسی زبان جانتی ہیں اور عربی، اردو اور ہندی بھی پڑھ چکی ہیں۔