بھارتی فورسز کی جارحیت کے خلاف اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ

 
0
335

اسلام آباد اگست 05.(ٹی این ایس )جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسزکے ہاتھوں جاری ریاستی دہشتگردی، چھاپوں، قتل عام اور ظلم وتشدد، گرفتایوں اورکریک ڈاؤن اور تلاشی کی کاروائیوں کے خلاف نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر مظاہرہ کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرے کا اہتمام کشمیری رہنماء اورجموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے وائس چےئرمین الطاف احمد بٹ نے کیا تھا۔ مظاہرے میں کشمیری حریت رہنماؤں الطاف احمد ، شمیم شال ، عبدالحمید لون ، عبدالمجید ملک ، میاں ظفر ، ہارون اور دیگر نے خطاب کیا ۔ مقررین نے بھارت پر زوردیا کہ وہ اپنی ضد اور ہٹ دھرمی ترک کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عملی اقدامات کرے ۔ انہوں نے واضح کیاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں قیام امن ممکن نہیں۔ انہوں نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں سرینگر، اسلام آباد، پلوامہ،کولگام، شوپیان، بڈگام، بارہمولہ، بانڈی پورہ اور کپواڑہ شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ انہوں نے جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔مقررین نے اقوام عالم پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لیں۔ مظاہرے میں آزادی کشمیر کے صحافیوں اور علماء کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔