فرشتہ بی بی قتل کیس، ملزم نثار پر جرم ثابت ،سزائے موت سنا دی گئی

 
0
825

اسلام آباد 03 جون 2022 (ٹی این ایس): فرشتہ بی بی قتل کیس کے ملزم نثار پر جرم ثابت، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آبادنے سزائے موت کی سزا سنا دی ،ملزم نثار کو دفعہ 302 کے تحت جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی گئی،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہمایوں دلاور خان نے فرشتہ قتل کیس کا فیصلہ سنایا۔ملزم نثار کو 10لاکھ پر جرمانہ کی سزا بھی دی گئی ۔ملزم کے خلاف تھانہ شہزاد ٹاؤن میں کمسن بچی کے قتل کی ایف آئی آر 2019 میں درج کی گئی تھی ،کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور خان نے کی،سماعت کے دوران مقتولہ بچی کے والدین بھی عدالت میں موجود تھے۔یاد رہے کہ کم سن بچی فرشتہ 15 مئی 2019کو اسلام آباد کے علاقے علی پور فراش سے لاپتہ ہوئی تھی اور اس کی لاش 21 مئی کو شہزاد ٹاون کے جنگل کے علاقے سے ملی تھی۔ جس پراس کے اہل خانہ، علاقے کے لوگوں نے تفتیش اور بچی کی تلاش میں سست روی کا الزام عائد کرتے ہوئے اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرے کرنے کے علاوہ دھرنا بھی دیا تھا۔اسلام آباد پولیس نے ریپ کے بعد قتل ہونے والی 11سالہ فرشتہ کیس کے ملزم نثار کو گرفتار کر کے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل راولپنڈی بھیج دیاتھا۔ملزم نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کر لیاتھا۔