اسلام آباد 10 جون 2022 (ٹی این ایس): معروف اینکر عامر لیاقت حسین کی تدفین کے حوالے سے پولیس اور ان کے ورثا میں معاملات طے پاگئے۔ سینیئر سپرٹنڈنٹ آف پولیس کے مطابق کچھ دیر میں میت ورثا کے حوالے کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کی میت ان کے بیٹے احمد کے حوالے کی جائیگی۔پولیس نے چھیپا حکام کو عامر لیاقت کی میت بیٹے کے حوالے کرنے کی اجازت دے دی ہے اور میت پوسٹ مارٹم کے بغیر ہی تدفین کیلئے ورثا کے حوالے کی جائے گی۔ دوسری جانب اہلخانہ کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت حسین کی میت کو غسل رمضان چھیپا دیں گے اور ان کی نمازجنازہ بعد نماز عصر ادا کی جائے گی۔عامر لیاقت حسین کی تدفین عبداللہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں ہوگی۔خیال رہے کہ مرحوم عامرلیاقت کے ورثا نے میت کا پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد پولیس نے میت ورثا کے حوالے کرنے سے منع کردیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ممتاز ٹی وی اینکر، مقرر اور ایم این اے عامر لیاقت اپنے کمرے میں بے ہوش پائے گئے، ملازمین کی اطلاع پر عامر لیاقت کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔