چیئر مین سی ڈی اے نے سیلاب سے بچا ئو اور ریسکیو آپریشن کیلئے منصوبہ منظور کر لیا

 
0
99

اسلام آباد 20 جون 2022 (ٹی این ایس): اسلام آباد چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی و چیف کمشنر اسلام آباد نے سیلاب سے بچا ئوکی تیاریوں اور ہنگامی ردعمل کو مربوط کرنے کے لئے وسائل مختص کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے جو کہ مون سون سے پہلے کی بارشوں کی پیشگوئیوں میں ہنگامی ردعمل کے لئے اقدامات ہیں۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کا کنوینئر مقرر کیا گیا ہے جن کی سربراہی میں یہ سیل کام کرے گا۔ مزید فیصلہ کیا گیا ہے کہ نالے اور وسائل کی میپنگ کی جائے گی اور سروے آف پاکستان کے پاس دستیاب ڈیٹا کو بروئے کار لایا جائے گا۔مزید برآں چیئرمین سی ڈی اے نے ممبر انجینئرنگ سی ڈی اے کو ہدایت جاری کیں کہ مشینری کی ہر وقت فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ حساس مقامات پر انسانی وسائل کے ساتھ مانیٹرنگ کیمپ بھی فوری طور پر لگائے جائیں۔ اسی طرح گزشتہ برس مون سون کی بارشوں میں کچی آبادیوں اور غیر محفوظ علاقوں کی نگرانی کی فہرست اور بارشوں سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں پر خصوصی توجہ کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔علاوہ ازیں ہدایت جاری کی گئیں کہ سیلاب سے متعلق امدادی کوششوں کو مربوط کرنے کے لئے متعلقہ محکموں جیسے IESCO، فوڈ اینڈ لائیو اسٹاک کو ہائی الرٹ رکھا جائے تاکہ انسانی وسائل کے ساتھ تمام ضروری اقدامات اور اشیا کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔اسی طرح سی ڈی اے کو ڈی واٹرنگ سیٹ پمپس اور دیگر اشیا کی خریداری کے لئے ایم سی آئی کے ذریعے ڈی ایم اے کو 50 ملین روپے جاری کرنے کی ہدایت کی گئیں ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے ڈی جی سوک مینجمنٹ اور ماحولیات کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے عملے کو چوبیس گھنٹے الرٹ رکھیں۔اسی طرح ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سی ڈی اے ہسپتال اور ڈی ایچ او کو فلڈ ریلیف کیمپوں میں طبی عملے اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔