سیکرٹری ایجوکیشن سکول پنجاب نےلاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق پنجاب کے 36 اضلاع میں نجی تعلیمی اداروں میں اسکول کونسلز بنانے کے احکامات جاری کر دیئے

 
0
242

راولپنڈی 25 جون 2022 (ٹی این ایس): سیکرٹری ایجوکیشن سکول پنجاب نےلاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق پنجاب کے 36 اضلاع میں نجی تعلیمی اداروں میں اسکول کونسلز بنانے کے احکامات جاری کر دیئے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی محمد اعظم کاشف نے اپنے ایک آڈیو میسج میں ضلع بھر کے نجی تعلیمی اداروں کو ایک ہفتہ تک سکولز کونسل بناکر سکول سربراہ کی جانب سے عملدرآمد سرٹیفیکیٹ جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ایکٹ 1984 کی شق نمبر 12_C کے تحت پنجاب کے 36 اضلاع کے سی۔ای۔اوز کو نجی اداروں میں سکولز کونسلز بناکر رپورٹ جمع کروانے کی ہدایات جاری کردیں۔ سکول کونسل 7 ممبرز پر مشتمل ہوگی۔ چیئرپرسن ادارے کا سربراہ ہوگا سلیکشن یا الیکشن کے ذریعے 2 اساتذہ، 3 پیرنٹس 1 سٹوڈنٹ اور رجسٹرڈ اتھارٹی کی جانب سے 1 جنرل ممبر کا انتخاب کیا جائے گا۔ سکول کونسل کی ذمہ داریوں میں حکومت کی طرف سے جاری کردہ احکامات بارے آگاہی حاصل کرنا، کینٹین پر فروخت کی جانے والی کھانے پینے کی اشیاء کے معیار اور کوالٹی کو جانچنا، بچوں کے حقوق کا تحفظ کرنا، ادارے کے اندر غیر نصابی سرگرمیوں کا اجراء کرنا، سالانہ کھیلوں کا انعقاد کرنا، صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینا، ادارے کی سالانہ کارکردگی کو جانچنا، بچوں ڈرگس کے استعمال بارے اقدامات اٹھانا وغیرہ شامل ہیں۔ رجسٹرڈ اتھارٹی خود یا اپنے نامزد ممبر کے ذریعے اس سارے عمل کو مانیٹر کرے گی۔ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے اس بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سکول کونسل کے قیام سے فیصلہ سازی میں رکاوٹ پیدا ہو جائے گی۔ اور تعلیمی معیار بھی بری طرح متاثر ہوگا۔ سکول کونسل کے نوٹیفیکیشن میں والدین کی نمائندگی کے لیے کسی قسم کی تعلیمی قابلیت اور اہلیت کا ذکر نہیں کیا گیا محض الیکشن کی بنیاد پر ان کا انتخاب کیا جائے گا۔ نیز ضلع راولپنڈی میں اگر پانچ ہزار کے قریب نجی تعلیمی ادارے ہیں تو کیسے ممکن ہوگا کہ رجسٹریشن اتھارٹی ہر ادارے کے اندر اپنا نمائندہ مقرر کرے۔