اسلام آباد 26 جون 2022 (ٹی این ایس): پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ سری لنکا کے لئے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ راولپنڈی میںشروع ہوگیا ہے اتوار کو کھلاڑیوں نے 42 سینٹی گریڈ کی سخت گرمی میں صبح 10 سے دوپہر 2 بجے کوچز کی زیر نگرانی کھیل کے تینوں شعبوں میں عمدہ پرفارمنس لانے کے لئے بھرپور پریکٹس کی. پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں تربیتی کیمپ میں رپورٹ کر نے والے کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم، امام الحق،عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، محمد نواز، سلمان علی آغا،سعود شکیل،سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، نسیم شاہ،حارث رؤف، یاسر شاہ اور نعمان علی شامل ہیں۔بیرون ملک مقیم مڈل آرڈر بیٹر فواد عالم 27 جون کو جوائن کریں گے، کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف نائب کپتان محمد رضوان، اظہر علی اور شان مسعود تربیتی کیمپ میں شرکت نہیں کر رہے، یہ تمام کھلاڑی سری لنکا روانگی سے قبل قومی اسکواڈ کو لاہور میں جوائن کریں گے، کھلاڑیوں نے صبح 10 سے دوپہر 2 بجے تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ کں۔ پہلا 2 روزہ وارم اپ میچ پیر کی صبح 9بجے شروع ہوگا،دوسرے روز بھی کھلاڑی شام 6بجے تک میچ پریکٹس کے موقع کا فائدہ اٹھائیں گے،29 جون آرام کا دن ہوگا، اگلے روز دوسرے وارم اپ میچ کے پہلے روز کا کھیل 9بجے شروع ہوگا،یکم جولائی کو میچ کا دوسرا روز ہوگا، پنڈی اسٹیڈیم میں سری لنکن کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے خصوصی طور پر اسپن ٹریکس تیار کیے گئے ہیں،
یاد رہے کہ آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں راولپنڈی کی پچ بیٹرز کے لیے جنت ثابت ہوئی تھی، کراچی میں بابر اعظم کی میراتھن اننگز اور عبداللہ شفیق کی مزاحمت سے پاکستان نے کینگروز کی یقینی فتح کو ٹال دیا تھا،لاہور میں مہمان ٹیم نے آخری روز بھرپور دباؤ کا شکار کرتے ہوئے فتح سمیٹی، اس سیریز میں پاکستان کی مڈل آرڈر مشکل وقت میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی تھی، راولپنڈی میں 7روزہ کیمپ کے دوران ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق، بیٹنگ کوچ محمد یوسف کی معاونت سے اس مسئلے پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔آسٹریلیا سے سیریز میں پاکستان کا اسپن اٹیک بھی ہوم کنڈیشنز سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہا تھا،پہلے میچ میں نعمان علی کے ایک اسپیل کے سوا سلو بولرز میں کوئی کارکردگی نظر نہیں آئی تھی. پاکستان اور سری لنکا کے مابین ابھی تک 55 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے ہیں،ان میں پاکستان نے 20 اورسری لنکا نے 16 جیتے، 19مقابلے ڈرا ہوئے۔سری لنکا میں پاکستان کو 23 میچز میں سے 8 میں فتح ،7میں شکست ہوئی، 8 مقابلے نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکے، سال 2015 کے دورہ سری لنکا میں پاکستان نے سیریز 2-1سے جیت لی تھی۔