سیلابی پانی دادو، بھان سعید آباد کی حدود میں داخل

 
0
177

انڈس لنک کینال میں پڑنے والے شگافوں کے باعث سیلابی پانی دادو اور بھان سعید آباد کے حدود میں داخل ہوگیا، سیلابی پانی گرڈ اسٹیشن بھان سعید آباد کو عبور کرتا ہوا رنگ بند بھان سعیدآباد سے ٹکرا گیا۔

انڈس لنک کینال میں پڑنے والے شگافوں کے باعث سیلابی پانی بھان سعیدآباد کی تین یونین کونسلوں ٹلٹی ، بھمبھا اور شیخ کے سینکڑوں دیہات اور ہزاروں ایکٹر پر کھڑی فصل کو ڈبو گیا۔

بھان سعیدآباد کے قریب دل نہر کے شگاف کا پانی گرڈ اسٹیشن بھان سعیدآباد کو اپنی لپیٹ میں لیتا ہوا رنگ بند بھان سے ٹکرا چکا ہے جہاں رنگ بند کی تعمیر بھی جاری ہے۔

انڈس لنک کینال کو گاؤں آباد کے مقام پر پڑنے والے شگافوں کا پانی بھی ضلعی ہیڈ کوارٹر کی دو یونین کونسلوں، شاہنواز اور غلام شاہ کلھوڑو کے متعدد دیہات کو اپنے لپیٹ میں لیتا ہوا دادو شہر کے رنگ بند سے ٹکرا گیا ہے۔

دوسری جانب محکمۂ انہار کے ذرائع کے انڈس لنک کینال سے پانی کا دباؤ ختم کرنے کے لیے انڈس لنک کینال کی چھوٹی پل کو دریائے سندھ کے مقام پر کٹ لگا کر پانی کا اخراج کیا جائے گا تاکہ دادو اور بھان سعیدآباد شہروں کو بچایا جاسکے۔

دوسری جانب تحصیل جوہی تحصیل میہڑ اور خیرپورناتھن شاہ کا ضلع ہیڈ کوارٹر دادو سے زمینی رابطہ تاحال منقطع ہے۔

دوسری جانب میہڑ رنگ بند اور خیرپور ناتھن شاہ سے پانی کی سطح کم ہوئی ہے، منچھر جھیل کے اڑل ہیڈ ، اڑل ٹیل، دانستر نہر پر لگائے گئے دو کٹوں سے دریائے سندھ میں پانی کا اخراج 50 ہزار کیوسک ہو رہا ہے۔