توشہ خانہ فیصلہ، پی ٹی آئی کارکنان نے ٹرین روک دی، پنجاب میں 9 مقامات پر احتجاج

 
0
108

پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نااہلی کے خلاف پنجاب کے 9 مقامات پر احتجاج کیا جبکہ لودھراں میں پی ٹی آئی کارکنان نے ٹرین کو بھی روک لیا۔

پی ٹی آئی کے کارکنوں نے لودھراں میں ٹرین کو روک لیا، مظاہرین احتجاج کرتے ریلوے انجن پر چڑھ گیے، ریلوے پولیس اور انتظامیہ کی بار بار منت کے باوجود کارکنان نے ٹرین کو چلنے کی اجازت نہیں دی۔

دوسری جانب عمران خان نا اہلی فیصلہ کے فیصلے کے خلاف پنجاب کے نو مختلف مقامات پر پی ٹی آئی کارکنان نے شہر کی اہم شاہراہوں کو بند کیا۔ پی ٹی آئی کارکنان نے بھٹہ چوک، اکبر چوک، لبرٹی چوک، شاہدرہ، ٹھوکر نیاز بیگ، فیروز پور روڈ بینک، ہائی کورٹ مال روڈ، سمن آباد، جوہر ٹاؤن یوحنا آباد اور ہرنس پورا میں احتجاج کیا۔

پی ٹی آئی ٹائیگر فورس کے اہلکاروں نے شاہدرہ چوک پر ٹائروں کو آگ لگا کر دونوں اطراف سے بند کیا جبکہ بابو صابو چوک پر احتجاج کنٹینرز لگا کر چوک کو بھی بند کیا۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں سڑکوں کی بندش اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے پولیس افسران کے نام جاری خصوصی ہدایت نامے میں کہا کہ احتجاج کی صورت میں مین شاہراہوں اور موٹر وے سے ملحقہ سڑکوں کو بند نہ ہونے دیا جائے، اہم شاہراہوں پر سفر کرنے والے لوگوں خصوصاً فیملیز کو سفری پریشانی سے بچانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں، موٹر وے اور بین الاضلاعی شاہرات کو ٹریفک کے لیے بلاک نہ ہونے دیں، سڑکوں پر ایمبولینسز اور ہسپتالوں سے ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی یقینی بنائی جائے۔آئی جی پنجاب نے فیلڈ افسران اور ٹریفک پولیس کو خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی اور سڑکوں کو مکمل کلیئر کروانے کا حکم دیا۔