ملک میں تعطل کا شکار انٹرنیٹ سروس 38 گھنٹے بعد جزوی طور پر بحال

 
0
379

اسلام آباد/لاہور/کراچی اگست 06.(ٹی این ایس ) ملک میں تعطل کا شکار انٹرنیٹ سروس 38 گھنٹے بعد جزوی طور پر بحال ہو گئی جبکہ اس کی مکمل بحالی میں مزید وقت کچھ وقت درکار ہے۔پی ٹی سی ایل کے چیف بزنس ڈیویلپمنٹ آفیسر سکندر نقی نے بتایا کہ پاکستان میں انٹرنیٹ سروس بحال ہوگئی ہے جبکہ زیر آب کیبل میں آنے والی خرابی کو ٹھیک کرنے کے لیے کام اب بھی جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک میں انٹرنیٹ سروس کی بحالی میں مزید کچھ وقت لگے گا۔انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کے قریب انٹرنیٹ کیبل میں آنے والی خرابی کی نشاندہی کے بعد اس کی مرمت کرلی گئی جس کے بعد پاکستان میں انٹرنیٹ سروس معمول پر آئی۔انہوں نے بتایا کہ زیر زمین کیبل آئی می وی فور پر تاحال کام جاری ہے اور انٹر نیٹ کی دیگر ممالک میں مکمل بحالی میں مزید وقت درکار ہے۔انٹرنیٹ کی سہولت کے بند ہونے کے باعث صارفین کو پہنچنے والے نقصان کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے سکندر نقی نے بتایا کہ پاکستان میں نقصان کے حوالے سے چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔خیال رہے کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب پاکستان میں انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی بین الاقوامی زیر آب کیبل آئی می وی میں خرابی کے باعث ملک میں لینڈ لائن انٹر نیٹ ،تھری جی اور فور جی سروس کی فراہمی تعطل کا شکار تھی جس کے باعث انٹرنیٹ صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔