لانگ مارچ جمعرات دوپہر 2 بجے شروع ہوگا، شاہ محمود قریشی

 
0
141

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لانگ مارچ جمعرات دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے زمان پارک میں حماد اظہر اور یاسیمن راشد کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین عمران خان نے ہمیں آج زمان پارک بلایا، بہتر گھنٹے گزرنے کے باوجود ایف آئی آر درج نہیں ہوئی جبکہ سپریم کورٹ نے مداخلت کرتے ہوتے چوبیس گھنٹے میں ایف آئی ار اندراج کا کہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کاایف آئی آر سے متعلق موقف کلیئر ہے، عمران خان کا شکایت کنندہ درخواست لے کر پولیس کے پاس پہنچا ہوا ہے، اسی درخواست پر ایف آئی آر درج کی جائے

سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ ہماری پارٹی نے مشاورت کی جس کے بعد لانگ مارچ کا دن مشاورت سے تبدیل کریا گیا ہے، لانگ مارچ اب جمعرات کو دوپہر 2 بجے وزیرآباد سے شروع ہوگا۔

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے منگل سے دوبارہ لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا تھا کہ وزیرآباد میں جہاں مجھے گولیاں لگیں مارچ وہیں سے شروع ہوگا۔ آئندہ 10سے 15روز میں راولپنڈی پہنچیں گے، شاہ محمود قریشی جی ٹی روڈ پر مارچ کو لیڈ کریں گے، روزانہ مارچ سےخطاب کروں گا، میں خود راولپنڈی آؤں گا، پورے ملک سے لوگ آئیں گے، راولپنڈی پہنچ کر مارچ کو میں خود لیڈ کروں گا۔