لاہور اگست 7(ٹی این ایس) : سابق وزیراعظم نوازشریف کی لاہورآمد اور استقبال کے لیے روٹ کا اعلان کردیا گیا ہے-مسلم لیگ (ن) نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے لاہور جانے کا روٹ جاری کر دیا۔ ترجمان مسلم لیگ (ن )کے مطابق سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف بدھ کی صبح 9بجے ڈی چوک اسلام آباد سے براستہ بلیو ایریا ، فیض آباد ، مری ورڈ راولپنڈی ، ضلع کچہری پنڈی اور روات سے ہوتے ہوئے بذریعہ جی ٹی روڈ لاہور جائیں گے۔ڈی چوک پر نواز شریف کا کارکنوں سے خطاب کا بھی امکان ہے، نواز شریف لاہور پہنچنے تک مختلف مقامات پر خطاب کریں گے۔
پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں سابق وزیراعظم کے استقبال کی بھرپور تیاریاں، شہربھرمیں نوازشریف کی تصاویرآویزاں کردی گئیںلاہور سے تعلق رکھنے والے تمام اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کو پانچ‘پانچ بسیں جبکہ یونین کونسلزکے چیئرمینوں سے پانچ ‘پانچ سو افراد کو لانے کا کہا گیا ہے اسی طرح جی ٹی روڈ پر واقع شہروں اور قصبوں سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور یونین کونسل اور ضلع کونسل کے منتخب نمائندوں کے ذمہ بھی لوگوں کی بڑی تعداد جمع کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں-میاں نوازشریف کے جی ٹی روڈ سے لاہور جانے کے پروگرام کے منصوبہ سازوں کا خیال ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کے ٹرین مارچ کی طرح میاں نوازشریف کا اسلام آباد سے لاہور تک کا مارچ عوامی بیداری کے موجب بنے گا -مسلم لیگ نون کی میڈیا مینجمنٹ ٹیم اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کررہی ہے کہ جس طرح کی کوریج ججزبحالی کیس میں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو دی گئی تھی اسی طرح سفرکے دوران ہر چینل پر خصوصی میراتھون نشریات کا اہتمام کیا جائے-ادھر سپریم کورٹ کی جانب سے نااہلی کے بعد میاں نوازشریف کی رہائش گاہ جاتی عمرہ فارم رائے ونڈ روڈ پر وفاقی حکومت نے پولیس کے معمول کے طریقہ کے برعکس سابق وزیراعظم نواز شریف کی سیکیورٹی کے لیے گریڈ 18 کے 2 پولیس افسران مقرر کر دیئے ہیں۔
بلیو بک کے مطابق صرف موجودہ صدر اور وزیراعظم کے لیے ہی گریڈ 18 کا ایک افسرتعینات کرنے کی اجازت ہے۔تاہم حکومت نے پاناما پیپرز کیس میں نااہل قرار دیے جانے کے بعد وزارت عظمیٰ سے سبکدوش ہونے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کی سیکورٹی کے لیے ایس پی رینک کے دوافسران کو مقررکرنے کے احکامات جاری کیئے گئے ہیں-اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق محمد زیشان رضا، جو اس وقت موجودہ وزیراعظم کے چیف سیکورٹی آفیسر ہیں، کا ٹرانسفر کرکے انہیں سابق وزیراعظم نواز شریف کی سیکورٹی کے لیے تعینات کردیا گیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ایس پی رینک کے ایک اور پولیس افسر اس وقت لاہور پولیس کی سیکورٹی ڈویژن سے تربیت یافتہ 11سو پولیس اہلکاروں کے ساتھ رائے ونڈ میں واقع نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امراءکی کی حفاظت پر مامور ہیں۔