ضلعی انتظا میہ اسلام آباد میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ

 
0
1270

اسلام آباد 7 اگست (ٹی این ایس): سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کےسبکدوش ہونے  کے بعد ضلعی انتظامیہ اسلام آباد میں چیف کمشنر ذوالفقار حیدر، ایس ایس پی آپریشنز سمیت دیگر اہم عہدیداروں کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے آئندہ چنددنوں میں چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر اہم عہدوں پر تعینات افسران کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کروانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ کی تبدیلی کے بعد اسلام آباد میں حکومتی انتظامات کو برقرار رکھنے والی ضلعی انتظامیہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا جھکڑ چلنے والا ہے چیف کمشنر اسلام آباد ذوالفقار حیدر، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) مشتاق اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کی عہدوں پر تعینات افسران کو فوری طورپر تبدیل کیاجارہاہے مبینہ طورپر ان افسران پر بے قاعدگیوں میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں جن کے خلاف سابق وزیر داخلہ کو بھی درجنوں کے حساب سے شکایات موصول ہورہی تھیں تاہم سابق وزیر داخلہ کے سخت گیر موقف کے باعث ان انتظامی عہدوں پر کوئی بھی سنےئر بیوروکریٹ آنے کو تیار نہیں تھا جس کے باعث مذکورہ افسران کو ہی ان عہدوں پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا علاوہ ازیں ایس ایس پی آپریشنز کے عہدے پر تعینات ساجد کیانی کو بھی تبدیل کیاجارہاہے ان کی تبدیلی کی وجہ انسپکٹر جنرل پولیس کا ان کے ساتھ کمفرٹ نہ ہونا بتایا جاتاہے ذرائع کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر افسران پر اسلام آباد کی نجی ہاوسنگ سوسائٹیوں میں رئیل اسٹیٹ کے کاروبار سے منسلک ہونا بتایا جاتاہے جبکہ ضلعی انتظامیہ میں تعینات اہم عہدے پر فائز خواتین آفیسر اور ان کے خاندان کے لوگ بھی اسی نوعیت کے کاروبار کو جاری رکھے ہو ئے ہیں جس کے بارے میں شکایات موجود ہیں اور بعض افسران نے تو اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں میں ایکوزیشن سے پہلے اراضی خریدنے اور فوائد حاصل کرنے کے لیے چیف کمشنر اسلام آباد کے دفتر سے خود ساختہ نوعیت کے اجازت نامے بھی حاصل کررکھے ہیں جو ان افسران کے انتظامی عہدوں پر تعینات رہ کر کاروبار کرنے کے واضح شوائد ہیں انہی شکایات پر ان افسران کو ضلعی انتظامیہ سے نکالنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں جو آئندہ ہفتے تک متوقع ہیں