اسلام آباد پولیس نے راولپنڈی انتظامیہ سے بین الصوبائی راستے کھولنے کی درخواست کردی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے آنے اور جانیوالے راستے بند کر رکھے ہیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں نے دیگر شہروں سے آنے اور جانے والے راستے بند کر دیئے، راولپنڈی انتظامیہ سے بین الاضلاعی راستے کھولنے کی درخواست ہے، احتجاج کے باعث روزگار کیلئے آنے جانے والے افراد، ملازم پیشہ اورکاروباری افراد، بچے، خواتین، طلباء مشکلات کا شکار ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے اندر آمد و رفت کے تمام راستے کھلے ہیں، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ جانیوالے راستے بھی کھلے ہیں، رینجرز اور ایف سی جوان گشت پر مامور ہیں۔
ترجمان کے مطابق احتجاج کے باعث بین الصوبائی تجارت متاثر ہورہی ہے، کھانے پینے کی اشیاء لانے والی گاڑیاں بھی احتجاج میں پھنسی ہیں۔