آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
پاکستان نے 153 رنز کا ہدف 20 ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹیم کی جیت میں بنیادی کردار ادا کیا۔ دونوں نے بالترتیب 53 اور 57 رنز کی اننگز کھیلیں۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
بدھ کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔ ڈیرل مچل 53 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کین ولیمسن نے 46 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
153 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور محمد رضوان میدان میں آئے۔ پہلے اوور میں ہی رضوان نے بتا دیا کہ آج وہ دفاعی نہیں بلکہ جارحانہ انداز میں کھیلیں گے۔ ٹرینٹ بولٹ کی چوتھی گیند پر وکٹ کیپر ڈیوڈ کونوے نے بابر اعظم کا کیچ چھوڑ دیا جو نیوزی لینڈ کو بہت مہنگا پڑا۔
اس کے بعد دونوں اوپنرز نے چوکوں کی برسات کر دی اور نیوزی لینڈ کی بولنگ کو دیوار سے لگا دیا۔ بابر اور رضوان کے درمیان ٹی20 انٹرنینشل کی نویں 100 رنز کی شراکت داری بنی۔ بابر اعظم نے 38 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔ وہ 42 گیندوں پر 53 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔














