لاہور 7 اگست(ٹی این ایس) :پنجاب کے مختلف شہروں میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال ساتویں روز میں داخل ہو گئی، ینگ ڈاکٹرز نے ہسپتالوں میں ان اور آئوٹ ڈور کام بند کر دیا، لاہور کے جنرل، جناح اور سروسزہسپتال میں سینئر ڈاکٹرز ڈیوٹی پر موجود ہیں جبکہ ملتان کے ہسپتالوں میں بھی مریضوں اور لواحقین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی، مختلف ہسپتالوں می ڈاکٹرز کی ہڑتال ساتویں روز میں داخل ہو گئی، لاہور کے جنرل، جناح اور سروسز ہسپتال میں سینئر ڈاکٹرز ڈیوٹی دے رہے ہیں جبکہ ملتان میں چلڈرن کمپلیکس، کڈنی سینٹر، نشتر اور سول ہسپتال میں ڈاکٹرز ہڑتال پر ہیں، ہسپتالوں کے آئوٹ ڈور اور ایمرجنسی میں سینئر ڈاکٹرز تعینات ہیں. ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ جب تک ہمارے مطالبات منظور نہیں ہوتے یہ ہڑتال جاری رہے گی۔دوسری جانب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہڑتالی ڈاکٹرز سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، ہڑتالی ڈاکٹرز کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی، پنجاب بھر میں برطرف کئے جانے والے ینگ ڈاکٹروں کی تعداد 67 ہو گئی ہے جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں 30 سے زائد ڈاکٹرز کو بھرتی کیا گیا۔ ملتان میں اب تک 26 ہڑتالی ڈاکٹرز کو برطرف کیا جاچکا ہے۔













