آئین کی بالا دستی اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے تمام قومی ادارے آرمی کے ساتھ ملکر کام کریں،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

 
0
559

راولپنڈی 7 اگست (ٹی این ایس) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دیرپا قیام امن کے لیے ہم افغانستان کے ساتھ اعتماد پر مبنی تعاون کے خواہاں ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے کے اعلامیہ کے  مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس کے دوران اندرونی اور بیرونی سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کے دوران خطے اور بالخصوص افغانستان کی سیکورٹی صورتحال بھی زیر غور آئی اور علاقائی امن اور سیکورٹی کے حوالے سے عزم کا اظہار کیا گیا، اجلاس کو لائن آف کنٹرول کی صورتحال اور آپریشن رد الفساد کی پیشرفت  پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آپریشن ردالفساد کے مثبت نتائج مرتب ہورہے ہیں، آرمی چیف نے آپریشن خیبر فور کی کامیابی کی بھی تائید کی۔قومی سلامتی اور سیکورٹی کے حوالے سے پاک فوج کی خدمات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف نے دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے مشترکہ کوششوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کے آئین کی بالا دستی اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے تمام قومی ادارے آرمی کے ساتھ ملکر کام کریں ۔ کانفرنس میں علاقائی امن و سلامتی کے عزم کا اعادہ کیا گیا، آرمی چیف نے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے ہی آئین اور قانون کی عملداری قائم ہوگی۔