اسلام آباد: پبلک اکائونٹس کمیٹی نے نیب میں زیر التوا کھربو ں روپے کے مقدمات پر تفصیلی بریفنگ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے چیئرمین نیب کو کل طلب کرلیا۔
قومی اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نور عالم کی زیر صدرات منعقد ہوا۔ اجلاس میں پبلک اکاونٹس کمیٹی نے چیئرمین نیب کو کل طلب کرتے ہوئے سیکریٹری کمیٹی کو چئیرمین نیب کی اجلاس میں شرکت کے لیے خط لکھنے کی ہدایت کر دی۔
چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے کہا کہ اربوں کھربوں کے کیسز پر چئیرمین نیب بریفنگ دیں، خیبرپختونخوا سمیت دیگر اہم کیسوں پر چئیرمین نیب بریفنگ دیں۔اجلاس میں وزارت سمندر پار پاکستانی کے آڈٹ اعتراضات 2019-20 کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیئرمین پی اے سی نے استفسار کیا کہ او پی ایف ہاسنگ اسکیم میں گیس کیوں فراہم نہیں کی گئی؟ لوگ تیس تیس سال سے گیس سے محروم ہیں جس پر کمیٹی نے گیس کی فراہمی سے متعلق غفلت کے مرتکب ذمہ داران کا تعین کر کے رپورٹ طلب کرلی۔
چیئرمین نور عالم خان نے کہا کہ اوورسیز ہاسنگ اسکیم میں غریب مزدوروں کا حق ہے، جب اوورسیز ہاسنگ اسکیم بنائی گئی اس وقت گیس کی لاگت بھی کم تھی جس پر کمیٹی نے مواصلاتی نظام کی خرابی کی تحقیق کر کے رپورٹ طلب کرلی۔
کمیٹی کا وقت پر ڈی اے سی کا اجلاس نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ آئندہ بروقت ڈی اے سی نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ سیکریٹری کی تنخواہ سے پیسے لیے جائیں گے اگر سیکریٹری کام نہیں کرے گا تو متعلقہ وزیر کو بھی طلب کیا جائے گا