پنجاب میں بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ

 
0
97

الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اپریل کے آخری ہفتے میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بدھ کو پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس ہوا ۔

دوران اجلاس سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی مدت یکم جنوری 2022 کو ختم۔ہوچکی ہے اور قوانین میں تبدیلی کے باعث الیکشن کمیشن کو پنجاب میں دو مرتبہ حلقہ بندیاں کرنی پڑیں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 بنایا ہے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے پنجاب میں تیسری مرتبہ حلقہ بندیاں شروع کردی ہیں۔
اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب حکومت کو رولز اور دیگر ڈیٹا کی کاپیاں فوری فراہم کرنے کا حکم دیا ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اپریل کے آخری ہفتے میں منعقد کئے جائینگے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کرواچکا یا کروا رہا ہے تاہم پنجاب میں تاخیری حربوں کے باعث بلدیاتی انتخابات تاخیر کا شکار ہوئے اور مختلف ادوار میں قوانین تبدیل کیے گئے جس کے باعث بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے جاسکے ہیں تاہم اب کہا ہے کہ لوکل گورنمنٹ قوانین میں تبدیلی کے بعد الیکشن کمیشن آئینی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کرائے گا۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کی نئی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔
فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن نے کراچی میں 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ حیدرآباد میں بھی 15 جنوری کو ہی بلدیاتی انتخابات ہونگے۔

اسکے علاوہ الیکشن کمیشن کی جانب سے آئی جی سندھ کو بلدیاتی انتخابات کیلئے سیکیورٹی فراہم کرنے اور سیکریٹری داخلہ کو بھی سیکیورٹی انتظامات مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے 15 نومبر کو فیصلہ مخفوظ کیا تھا۔

فیصلے مزید بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی ہر ممکن کی کوشش کی لیکن سندھ حکومت کے تاخیری حربوں کے باعث سندھ میں بلدیاتی انتخابات تاخیر کا شکار ہوئے تاہم سپریم کورٹ اور سندھ ہائیکورٹ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے چکی ہیں اس لئے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو کرانے کا حکم دیا جاتا ہے۔
الیکشن کمیشن نے فیصلے میں واضح کیا کہ سندھ حکومت، آئی جی سندھ اور چیف سیکریٹری سندھ بلدیاتی انتخابات کی سیکیورٹی کیلئے انتظامات مکمل کریں اور ساتھ ہی وزارت داخلہ کو دیگر قانون نافذ کرنے قالے اداروں سے اہلکار فراہم کرنے کا حکم دیا جاتا ہے۔