سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں قبضہ مافیا کے خلاف مشترکہ آپریشن

 
0
559

اسلام آباد ستمبر 27 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے منظوری حاصل کئے بغیر تعمیرات کرنے اور نان کنفرمنگ استعمال کے خلاف اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں آپریشن کیا ہے۔ آپریشن میں سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول سیکشنI- کے علاوہ سی ڈ ی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے بھی حصہ لیا۔ اس ضمن میں اسلام آباد کے سیکٹر آئی 12- میں سی ڈی اے بلڈنگ پلان کی منظوری کے بغیر پی ایچ اے (PHA) کی طرف سے تعمیر کئے جانے والے اپارٹمنٹس کو سربمہر کر دیا جبکہ سائیٹ پر موجود کنٹریکٹر کے سائٹ آفس کو بھی سر بمہر کر دیا۔ سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول سیکشنI- کی طرف سے پی ایچ اے کو بلڈنگ پلان کی منظوری کے بغیر جاری تعمیرات کو روکنے کے لیے کئی بار نوٹس بھی جاری کئے گئے تاہم پی ایچ اے کی طرف سے ان نوٹسسز پر عملدرآمد نہ کرنے کے باعث ان تعمیراتی سرگرمیوں کو متعدد بار روکا گیا مگر پی ایچ اے کی طرف سے بلڈنگ پلان کی منظوری نہ لینے پر ان زیر تعمیر اپارٹمنٹس کو سر بمہر کر دیا گیا۔

اسی طرح کے ایک اور آپریشن میں سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول سیکشنI-نے اسلام آباد کے مرکزF-11 میں ابو ظہبی ٹاور کے تین اپارٹمنٹس کو بھی سر بمہر کر دیا۔ ان اپارٹمنٹس کو رہائشی مقاصد کی بجائے دفتر کے طور پر استعمال میں لایا جا رہا تھا جو کہ سی ڈی اے کے بلڈنگ کنٹرول قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے جبکہ پانچ اپارٹمنٹس کو نان کنفرمنگ استعمال پر خالی کرا لیا گیا۔ بلڈنگ کنٹرول قوانین کی خلاف ورزی پر بلڈنگ کنٹرول سیکشن I- پہلے ہی نوٹس جاری کر چکا تھا۔

مزید برآں بلڈنگ کنٹرول سیکشن I- نے اسلام آباد کی فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ آئی الیون فور میں بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر 130نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔یہ نوٹس لوگوں کی طرف سے دوسری منزل پر غیر قانونی تعمیرات کرنے کے علاوہ نان کنفرمنگ استعمال پر دئیے گئے ہیں۔