وزیراعلیٰ پنجاب کا امراض قلب سے آگاہی اور بچائو کے عالمی دن پر پیغام

 
0
278

لاہور ستمبر 28 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ دل کی بیماریوں سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنا ضروری ہے۔لائف سٹائل کو تبدیل کرکے دل کے عوارض سے محفوظ رہا جاسکتا ہے، دل کے امراض سے بچائو کیلئے واک، ورزش اور صحت مند غذا کا استعمال ضروری ہے۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے امراض قلب سے آگاہی اور بچائو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت شعبہ صحت کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
دل کے امراض کے ہسپتالوں میں معیاری علاج معالجہ فراہم کرنا ترجیح ہے۔ کارڈیک ہسپتالوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ مریضوں کو ان کی دہلیز پر علاج معالجہ کی سہولتیں ملیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کو اپ گریڈ کر رہے ہیں جبکہ ڈیرہ غازی خا ن میں کارڈیالوجی ہسپتال بنایا جا رہا ہے اور دور دراز علاقوں میں کارڈیک سنٹر بنانے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتیں 10سال میں ایسا ایک دل کا ہسپتال نہیں بنا سکیں جو بین الاقوامی سطح کی سہولتیں مہیا کرسکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوان نسل کیلئے میرا یہی پیغام ہے تمباکو نوشی اور ہائی کولیسٹرول ڈائیٹ سے پرہیز کریں اور ورزش کو اپنی عادت بنائیں اور آج اس امر کا اعادہ کرنا ہے کہ دل کے امراض سے بچائو اور اور بہترین علاج معالجے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے ۔