لاہور کے بند روڈ پر ٹرک دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا

 
0
504

لاہور اگست 8(ٹی این ایس) لاہور کے بند روڈ پر ٹرک دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا۔گزشتہ روز لاہور کے علاقے بندروڈ سگیاں پل کے قریب ٹرک دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 33 زخمی ہوئے جبکہ دھماکے سے قریب واقع تین منزلہ عمارت بھی زمین بوس ہوگئی۔پولیس نے ٹرک میں بارودی مواد کی موجودگی کا شبہ ظاہر کیا ہے تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی کے ایس ایچ او انسپکٹر عابد بیگ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق دھماکا رحمت بھٹی کے پارکنگ اسٹینڈ میں ہوا، ٹرک میں دھماکا خیز موادبڑی تعداد میں رکھا گیا تھا، دھماکے سے زمین میں گہرا گڑھا پڑ گیا اور گردو نواح کے مکانات سمیت پارکنگ اسٹینڈ بھی منہدم ہوگیا۔متن کے مطابق دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 30 سے 32 افراد زخمی ہوئے۔واضح رہے کہ لاہور میں 24 جولائی کو بھی دہشت گردی کی کارروائی کی گئی تھی جس میں فیروز پور روڈ پر ہونے والے خودکش حملے میں 9 پولیس اہلکاروں سمیت 26 افراد جاں بحق اور 58 زخمی ہوئے تھے۔