اسلام آباد ہائیکورٹ ، سابق وزیراعظم نواز شریف کی ریلی رکوانے سے متعلق درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ

 
0
443

اسلام آباد اگست 8(ٹی این ایس) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اسلام آباد سے لاہور ریلی رکوانے سے متعلق درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے، جو مناسب وقت پر سنایا جائے گا۔منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے درخواست گزار عثمان سعید بسرا کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نا اہلی کے بعد نوازشریف نے احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی احتجاجی ریلی کا مطلب سپریم کورٹ فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔ نوازشریف کی احتجاجی تحریک سے پی ٹی آئی کے ورکر بھی آمنے سامنے ہوسکتے ہیں۔ درخواست میں ن لیگ، نواز شریف، وزارت داخلہ، ڈی سی اسلام آباد، چیف سیکرٹری پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے، عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو مناسب وقت پر سنایا جائے گا۔واضح رہے سابق وزیراعظم نواز شریف بدھ کو جی ٹی روڈ مشن پر نکلیں گے۔ نواز شریف کا کارواں پنجاب ہاس سے پہلے ڈی چوک جائے گا۔ پھر بلیو ایریا کی جانب بڑھے گا۔ کارواں فیض آباد سے ہوتا ہوا، مری روڈ سے راولپنڈی میں داخل ہو گا۔ روات اور مختلف شہروں سے نواز شریف قافلے سمیت بذریعہ جی ٹی روڈ لاہور پہنچیں گے۔ وہ داتا دربار پر حاضری بھی دیں گے۔