مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ حکومت اکیلے استحکام نہیں لاسکتی، بحرانوں سے نکلنے کے لیے عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ اور تمام جماعتوں کو ایک نکتے پر آنا ہو گا۔
لاہور کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان پاکستان کو ڈیفالٹ کے کنارے تک لے آئے تھے، حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت کرنے کے لیے نہیں بلکہ ملک بچانے کے لیے آئی ہے، مرکز اور صوبائی حکومتوں میں اختلافات ہوتے ہیں لیکن قومی مسائل پر تمام حکومتوں کو ایک ہونا چاہیے۔
سعد رفیق کا کہنا ہے کہ آج سب سے بڑا مسئلہ معاشی بحران کو ختم کرنے کا ہے، ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے کا سلسلہ بند ہو جانا چاہیے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ملکی مسائل کے حل کے لیے بنیادی اختلافات ختم کرنا ہوں گے، سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے سے بات چیت کا سلسلہ جاری کرنا چاہیے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا ہے کہ ہمیں سچ بولنا چاہیے، کسی کو سیاسی طور پر مائنس نہیں کیا جا سکتا، کوئی بھی سیاستدان اپنے کرتوتوں کے باعث مائنس ہوتا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ریلوے چار پانچ طریقے سے اپنے اخراجات پورا کر سکتا ہے، اگر ریلوے اپنی زمین کو استعمال نہیں کرے گا تو اخراجات پورے نہیں ہوں گے۔