مارٹن ڈاؤ گروپ کا آئی بی اے کے مستحق طلباء کیلئے اسکالر شپ پروگرام کا اعلان

 
0
149

کراچی، 11 جنوری، 2023: پاکستان کے معروف کثیرالملکی ادویہ ساز گروپ مارٹن ڈاؤ نے مستحق طلباء کے لیے ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے آئی بی اے کراچی میں ایم جاوید اکھائی اسکالر شپ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

مارٹن ڈاؤ گروپ کے چیئرمین علی اکھائی نے اسکالر شپ پروگرام کو حتمی شکل دینے کے لیے آئی بی اے کراچی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس اکبر زیدی سے ملاقات کی، جس کا مقصد بانی چیئرمین کی میراث کو مضبوط بنانا تھا۔ ایم جاوید اکھائی کی یاد میں شروع کیے جانے والے اسکالر شپ پروگرام کے تحت مستحق طلباء کی تعلیم کے لیے آئی بی اے کو فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مارٹن ڈاؤ گروپ کے چیئرمین علی اکھائی نے کہا کہ مارٹن ڈاؤ گروپ کے بانی چیئرمین ایم جاوید آکھائی پسماندہ کمیونیٹیز کے معیار زندگی کو بہتر بنانا اور پائیداری کو مارٹن ڈاؤ گروپ کے کاروباری ماڈل کا حصہ بنانا چاہتے تھے، جو ہماری بنیادی اقدار کا حصہ ہیں۔ ہم اُن کمیونیٹیز کے معیار زندگی کو بہتر بنانا چاہتے ہیں جن کو ہم خدمات فراہم کرتے ہیں۔ اور یہ اقدام زندگی میں فرق پیدا کرنے کے ہمارے عزم کا عکاس ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ضرورت مندوں کے لیے ایم جاوید آکھائی اسکالر شپ کے ذریعے آئی بی اے کراچی کے ساتھ تعاون بڑھا کر، دیرپا مقاصد کے حصول میں اپنا میں حصہ ڈال کر اور کمیونیٹیز کے ساتھ مثبت روابط استوار کرکے اس میراث کو آگے لے کر جا رہے ہیں۔

مارٹن ڈاؤ گروپ طلباء کو بین الاقوامی معیار کے مطابق صحت اور سیکھنے کے ماحول کی فراہمی کے لیے آئی بی اے کا دیرینہ شراکت دار ہے۔ طلباء، فیکلٹی اور اسٹاف ممبرز کو علاج معالجے کی مفت سہولت فراہم کرنے کے لیے آئی بی اے میں مارٹن ڈاؤ ہیلتھ سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ جبکہ آئی بی اے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کے لیے ایم جاوید اکھائی گولڈ میڈل اور شیلڈز بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔