پنجاب اسمبلی تحلیل ہو چکی ہے، اس معاملے پر اب غور نہیں ہو سکتا: رانا ثنا اللہ

 
0
145

پی ٹی آئی رہنما کی اسمبلی بچانے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آئینی معاملہ ہے، پنجاب اسمبلی تحلیل ہو چکی ہے، اس معاملے پر اب غور نہیں ہو سکتا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم الیکشن کیلئے پہلے بھی تیار تھے، نوازشریف سمیت پارٹی کی اکثریت کی رائے تھی کہ عمران خان کو اسمبلیاں توڑنے دی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن میں جائیں گے، بھرپور طریقے سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پارٹی نے نوازشریف کو اپیل کی ہے کہ وہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی انتخابی مہم کو لیڈ کریں۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ امید ہے نوازشریف پارٹی کی اپیل کو قبول کریں گے اور واپس آئیں گے، نوازشریف کا اپنا بھی واپس آنے کا ارادہ ہے۔

واضح رہے کہ جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں بات کرتے ہوئے اسپیکر  پنجاب اسمبلی سبطین خان نے  تجویز دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اپوزیشن عام انتخابات کی تاریخ پر ہم سے بات کرے تو اسمبلی اب بھی بچ سکتی ہے، وزیراعلیٰ اسمبلی توڑنے کی سمری واپس لے سکتے ہیں۔