خیبر پختونخواکی 15رکنی نگران کابینہ فائنل

 
0
127

خیبر پختونخوا کی نگران کابینہ کی تشکیل کے لیے 15رکنی کابینہ کے نام سامنے آگئے ۔
خیبر پختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ محمد اعظم خان کی نگراں کابینہ تشکیل دے دی گئی، جس میں 12 وزراء اور 3 مشیر شامل ہیں۔

نگران کابینہ میں عبدالحلیم قصوریا، سید مسعود شاہ، حامد شاہ،ایڈووکیٹ ساول نذیر،بخت نواز،فضل الٰہی،عدنان جلیل،شفیع اللہ خان ، شاہد خان خٹک،حاجی غفران ، خوشدل خان ملک ، تاج محمد آفریدی،محمد علی شاہ ،جسٹس ریٹائرڈ ارشاد قیصر اور منظور خان آفریدی شامل ہیں

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ صوبائی کابینہ میں صرف اپوزیشن کے نامزد لوگوں کو شامل کرنا افسوسناک ہے، نگران کابینہ غیر جانبدار رکھنے کے لئے پی ٹی آئی نے کوئی نام نہیں دیا تھا،نگران کابینہ گور نر ہاوس کی بجائے وزیر اعلی ہاوس میں تشکیل دینا چاہیے تھا۔
خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ کی تشکیل پر اپنے ردعمل میں شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ نگران وزیر اعلی کو متفقہ طور پر نامزد کیا گیا تھا ،نگران کابینہ اپوزیشن لیڈر نے گورنر ہاوس میں بیٹھ کر تشکیل دی،نگران کابینہ بیوروکریٹ ٹیکنوکریٹ اور غیر جانب دار لوگوں پر مشتمل ہونا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلی نے کس کے کہنے پر گورنر ہاوس میں اپوزیشن سے مشاورت کی ،نگران کابینہ میں مخصوص اضلاع کو نمائندگی دی گئی ہے،نگران کابینہ کی تشکیل میں صوبے کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو نظر انداز کرنا صوبے کے مفاد میں نہیں۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ کابینہ کی تشکیل میں پی ٹی آئی سے مشاورت نہ کرنا افسوسناک ہے ،نگران کابینہ میں زیادہ تر وہ نام سامنے آئے ہیں جو اپوزیشن رہنماوں کے رشتہ دار ہیں،اپوزیشن رہنماوں کے رشتہ داروں پر مشتمل کابینہ سے غیر جانبدارانہ انتخابات کا عمل متاثر ہو سکتا ہے ۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ نگران کابینہ میں کسی سیاسی جماعت کے ورکر یا رشتہ دار کو شامل نہیں کرنا چاہیے تھا ۔