بیرسٹرمحمد علی سیف کوعدالت سے بڑا ریلیف مل گیا

 
0
74

عدالت سینئر سپیشل مجسٹریٹ سی ڈی اے سردار محمد آصف نے پیر کو سابق ترجمان کے پی کے حکومت بیرسٹر محمد علی سیف کو مارگلہ پہاڑیوں کی توڑ پھوڑ کے الزام میں طلب کیا تھا۔ملزم کے وکیل عارف خان نے عدالت میں پیش ہوکر استدعا کی کہ میرے موکل کی طبیعت ناساز ہے لہٰذا کورٹ سے استدعا ہے کہ آج کی پیشی سے استثنیٰ دیا جائے،

عدالت آئندہ پیشی پر جب بھی بلائے گی ملزم کو ہر صورت پیش کریں گے۔ اس موقع پر جب بیرسٹر سیف کے وکیل عارف خان سینئر سپیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش ہوئے تو عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ ملزم کا کیس ,5 6 سال سے عدالت میں زیر سماعت ہے، کیا بیرسٹر صاحب اس کیس کا فیصلہ20 سال میں کروانا چاہ رہے ہیں۔ عدالت نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کیس کوجلد سے جلد نمٹایا جاسکے، اگر آپ عدالت سے تعاون نہیں کریں گے تو یہ ممکن نہیں ہو گا۔

عدالت نے بیرسٹر سیف کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وکیل صاحب کیا عدالت ہر بار ملزم کو بلانے کیلئے وارنٹ گرفتاری کیا کرے؟بعد میں عدالت نے استثنیٰ کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ بیرسٹرمحمد علی سیف کو 15فروری2023 کو ہر صورت پیش کیا جائے تا کہ ان پر فرد جرم عائد ہو سکے اور کیس کی کارروائی مزید آگے بڑھائی جا سکے۔یاد رہے کہ ترجمان کے پی کے حکومت بیرسٹر محمد علی سیف کے6جنوری کو وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے تھے اور انہیں 11جنوری کو عدالت پیش ہونے کا حکم دیا تھا،ملزم کے عدالت پیش ہونے پر 30جنوری کو فرد جرم کیلئے طلب کیا تھا