پاک فضائیہ کے جنگی ہیرو ائیر مارشل انعام الحق راولپنڈی میں وفات پا گئے

 
0
1326

اسلام آباد10 اگست (ٹی این ایس): 1965 ء اور 1971 ء کی جنگوں کے ہیرو ، ائیر مارشل انعام الحق خان، ہلالِ جرأت طویل علالت کے بعد راولپنڈی میں انتقال کر گئے ۔ ان کی عمر 90 برس تھی۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ،ائیر چیف مارشل سہیل امان نے مرحوم ائیرمارشل انعام الحق کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جنگ اور امن میں پاک فضائیہ کے لیے گرانقدر خدمات سر انجام دیں ۔ ائیر چیف نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاک فضائیہ کو جدید ائیر فورس بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور ان کی گرانقدر خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔

ائیر مارشل انعام الحق ہندوستان کے شہر پٹیالہ میں مئی 1927 ء میں پیدا ہوئے۔ 1947 ء میں پاکستان ہجرت کے بعد انہوں نے اگلے ہی سال رائل پاکستان ائیر فورس کے پانچویں جی ڈی پی کورس میں شمولیت اختیار کی۔ وہ دسمبر 1949 ء میں بحیثیت فائٹر پائلٹ ، رائل پاکستان ائیر فورس میں شامل ہو ئے اور اپنی بہترین کارکردگی کی بدولت انہوں نے گریجوا یٹ ہوتے وقت تمام ٹرافیاں جیت کر ایک تاریخ رقم کی ۔

1971 ء کی جنگ کے دوران ان کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلال جرأت سے نوازا گیا۔اپنے شاندار کئیریرکے دوران آپ نے بطور اسسٹنٹ چیف آف ائیر سٹاف (آپریشنز)، ائیر آفیسر کمانڈنگ، ائیر ڈیفنس کمانڈاور ڈائریکٹر جنرل جوائنٹ سٹاف ، جے ایس ہیڈکوارٹرز خدمات سر انجام دیں۔

ائیر مارشل انعام الحق کو ستارہ امتیاز ملٹری اور ہلال امتیاز ملٹری سے بھی نوازا گیا۔

آپ کی نمازِ جنازہ 11 اگست 2017 ء کو پی اے ایف بیس نور خان میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی جائے گی جس کے بعد انہیں پاک فضائیہ کے قبرستان میں سپرد خاک کیاجائے گا۔