پاکستان میوزک انڈسٹری سے وابستہ گلوکار و اداکار گوہر ممتاز نے اعتراف کیا ہے جل بینڈ کا مشہور زمانہ گانا ’عادت‘ کی شہرت تک اگر کوئی گانا پہنچ پایا ہے تو وہ کیفی خلیل کا ’کہانی سنو‘ ہے۔
گوہر ممتاز نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے تسلیم کرنا ہوگا کہ اگر کوئی گانا گزشتہ 20 برسوں میں ’عادت‘ کی مقبولیت تک پہنچ پایا ہے وہ صرف ’کہانی سنو‘ ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’کیفی خلیل نے کہانی سنو سادہ بول اور انتہائی سادہ دھن کے ساتھ سیدھا دل سے گایا ہے‘۔
گوہر ممتاز کے مطابق انہیں خود بھی کیفی کا یہ گانا بےحد پسند ہے کیفی خلیل نے اس گانے کے لئے بہترین شاعری اور سُروں کا انتخاب کیا ہے۔
گوہر ممتاز کی جانب سے اس طرح سراہے جانے پر کیفی خلیل نے گوہر کی انسٹا اسٹوری کو ری شیئر کرتے ہوئے ان کا شکریہ کیا۔
یاد رہے کہ کیفی نے ’کہانی سنو‘ خود لکھا اور گا یا ہے جبکہ اس گانے کو انہو ں صرف 8 ماہ قبل اپنے یوٹیوب چینل پر ریلیز کیا تھا جس کو اب تک 80 ملین ویوز حاصل ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ دی جل بینڈ کا مشہورِ زمانہ گانا ’عادت‘ عاطف اسلم نے گایا تھا جبکہ اس گانے کو گوہر ممتاز نے کمپوز کیا تھا اور یہ ہی وہ گانا تھا جس نے اس بینڈ اور عاطف اسلم کو 20 برس پہلے شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا تھا۔