اسلام آباد میں ایک اور خاتون کیساتھ گن پوائنٹ پر اجتماعی زیادتی

 
0
154

وفاقی دارالحکومت میں خاتون کے ساتھ گن پوائنٹ پر اجتماعی زیادتی کا ایک واقعہ پیش آ یا۔
ایف نائن پارک میں اجتماعی زیادتی کے واقعے کے بعد نوکری دلوانے کی آڑ میں راولپنڈی کی خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کا مقدمہ تھانہ شالیمار پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں درج کرلیا۔
مقدمے کی ایف آئی آر کے مطابق ملزمان امجد خان اور عامر زمان نے نوکری کا جھانسہ دے کر گن پوائنٹ پر زیادتی کی۔ ملزمان پہلے گاڑی میں بٹھا کر گھماتے رہے اور اسی دوران نازیبا حرکات شروع کر دیں۔
متاثرہ خاتون کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر کے مطابق شور مچانے پر ملزمان نے گاڑی ایف 11 میں بنے فلیٹس کی عقبی طرف ویرانے میں روکی اور شور مچانے پر ملزمان نے جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے گاڑی ہی میں زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں وفاقی دارالحکومت کے ایف نائن پارک میں خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔ جس کی تحقیقات کے دوران مبینہ پولیس مقابلے میں زیادتی کے دونوں ملزمان ہلاک ہو گئے تھے، تاہم ہلاک ملزمان کے لواحقین نے دعوی کیا ہے کہ پولیس نے گرفتاری کے بعد ملزمان کو قتل کیا ہے جب کہ اس سے قبل پولیس ان کی تھانے میں ملاقات کروا چکی تھی۔