انسداد دہشتگردی عدالت؛ اسد عمر سمیت 9 ملزمان کو کل پیش ہونے کا حکم

 
0
131

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے الیکشن کمیشن کے توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے خلاف احتجاج پر درج دہشت گردی کے مقدمے میں اسد عمر،علی نواز اعوان سمیت 9 ملزمان کو کل پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
عدالت کے جج راجا جواد عباس حسن نے تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں شریک ملزمان کو کل عدالت طلبی کے نوٹس جاری کرتے ہوئے صبح 9 بجے حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا۔ قبل ازیں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اس کیس میں عبوری ضمانت خارج ہو چکی ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن کے توشہ خانہ فیصلے کے خلاف احتجاج پر درج مقدمے میں عمران خان کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے دو اعتراضات عائد کردیے۔
عمران خان کی جانب سے دہشت گردی کی دفعات نکالنے کی درخواست پر اعتراضات میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے بائیومیٹرک نہیں کرائی جب کہ انسداد دہشت گردی عدالت میں زیر التوا مقدمے کی دستاویزات منسلک نہیں کی گئی۔
عمران خان اور علی اعوان کی جانب سے وکیل فیصل چوہدری اور علی بخاری کی وساطت سے دائر درخواست میں عمران خان کی پٹیشن کے حتمی فیصلے تک ایف آئی آر کا آپریشن فوری معطل کرنے کی استدعا کی گئی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وفاقی حکومت کی ایما پر عمران خان کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا۔ پر امن احتجاج بنیادی حق ہے اور دہشت گردی کا مقدمہ سیاسی انتقام ہے۔ درخواست گزاروں نے متعلقہ پولیس افسران کو وقتا فوقتا آگاہ کیا، کیس میں دہشت گردی کی دفعات نہیں بنتی۔ موجودہ سیاسی صورتحال میں درخواست گزاروں کے خلاف جھوٹا دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا۔ عدالت مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات حذف کرنے کا حکم دے۔
عمران خان کی جانب سے درخواست میں تھانہ سنگجانی کے ایس ایچ او اور پراسیکیوٹر اے ٹی سی اور وفاق کو فریق بنایا گیا ہے۔