خواجہ آصف کی کابل میں نائب افغان وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر سے ملاقات

 
0
136

وزیر دفاع خواجہ آصف کی قیادت میں پاکستانی وفد نے کابل میں امارت اسلامی افغانستان کے نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر سے ملاقات کی۔ پاکستانی وفد کی افغان حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، تجارت اور اقتصادی تعاون پر گفتگو کی گئی۔

پاکستانی وفد میں وزیر دفاع خواجہ آصف کے ہمراہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم بھی افغانستان پہنچے ہیں۔ ملا عبد الغنی برادر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی اور افغان حکام نے دوطرفہ تعلقات، تجارت، علاقائی رابطوں اور اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں افغان نائب وزیراعظم کا کہنا تھا افغانستان اور پاکستان کو پڑوسی ممالک کی حیثیت سے اچھے تعلقات رکھنے چاہئیں، عبدالغنی برادر نے پاکستانی جیلوں میں قید افغانوں کی رہائی پر زور دیا اور طورخم اور اسپن بولدک سے آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ پاکستانی وفد نے ملا عبدالغنی برادر کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔