حکومت مخالف طنزیہ گانے پر انڈین فوک گلوکارہ کو نوٹس

 
0
119
انڈین ریاست اترپردیش میں ایک بھوجپوری گلوکارہ کو ایسا طنزیہ گانا گانے پر پولیس نے نوٹس جاری کیا ہے جس میں یوگی ادتیہ ناتھ حکومت کی جانب سے تجاوزت کے خلاف مہم کو موضوع بنایا گیا، جس کی کارروائی کے دوران ماں بیٹی کی موت واقع ہوئی تھی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق گلوکارہ نیہا سنگھ راٹھور کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیے گئے گانے میں کانپور کے مختلف علاقوں سے لوگوں کی بے دخلی کا ذکر کیا گیا ہے۔
ان کے مشہور گانے ’یوپی میں کابا‘ کی طرز پر گائے گئے گانے میں پرامیلا ڈکشٹ نامی خاتون کا بھی ذکر آتا ہے جو انتظامیہ کی کارروائی کے دوران آگ لگنے سے بیٹی سمیت ہلاک ہو گئی تھیں۔
 گانا سامنے آنے کے بعد پولیس اہلکار ان کے دروازے پر پہنچے اور بتایا کہ اس کی وجہ سے معاشرے میں ’کشیدہ صورت حال‘ پیدا ہوئی ہے۔
نیہا سنگھ راٹھور نے ان کے پاس نوٹس لے کر آنے والی پولیس سے بات چیت کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔
انہیں سوالات کا جواب دینے کے لیے تین روز کا وقت دیا گیا ہے اور ان سے گانا بنانے کی وجوہات بھی پوچھی گئی ہیں۔
پولیس کی جانب سے پوچھا گیا ہے کہ وہ اس بات کی تصدیق کریں کہ ویڈیو میں نظر آنے خاتون وہی ہیں۔ اگر انہوں نے گانے کے بول لکھے ہیں تو کیا وہ اس پر قائم ہیں؟
گلوکارہ سے یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ کیا وہ اس بات سے باخبر ہیں کہ ویڈیو سے معاشرے پر کس قسم کے منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
پولیس کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’اس گانے نے معاشرے میں بے چینی اور دشمنی کی سی کیفیت پیدا کی ہے اور آپ اس امر کی پابند ہیں کہ اس پر اپنا موقف واضح کریں۔‘
نوٹس کے مطابق ’آپ کے لیے ضروری ہے کہ تین روز کے اندر جواب جمع کرائیں۔