سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ریلی کھاریاں پہنچ گئی

 
0
371

لاہور اگست11(ٹی این ایس) : نااہل وزیراعظم نواز شریف کی ریلی کھاریاں پہنچ گئی ہے اور ممکنہ طور پر ان کا اگلا پڑاﺅ گوجرانوالہ ہوگا جہاں رات گزارنے کے بعد وہ ہفتے کی شام لاہور پہنچیں گے-سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ نون لیگ کے لیے اصل چیلنج گوجرنوالہ سے لاہور تک کا سفر ہے کیونکہ تمام تروسائل استعمال کرنے کے باوجود اگر گوجرنوالہ سے لاہور تک نون لیگ پاور شو نہ کرسکی تو نوازشریف کے سیاسی مستقبل پر سوالیہ نشان لگ جائے گا-ادھر جی ٹی روڈ پر ٹریفک تقریباً معطل ہے جبکہ کاروباری سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں۔

گجرات، لاالہ سمیت جی ٹی روڈ پر موجود پبلک ٹرانسپورٹ سروس معطل ہے۔ نواز شریف کا قافلہ کھاریاں پہنچ رہا ہے جبکہ لالہ موسی کے باہر استقبالی کیمپ میں کئی وزرائے مملکت موجود ہیںجن میںطارق فضل چوہدری، چوہدری جعفر اقبال اور طلال چوہدری شامل ہیں۔پاناماکیس میں نااہلی کے بعد نواز شریف قافلے کی شکل میں لاہور کی جانب گامزن ہیں۔دریائے جہلم کے کنارے قائم ایک ہوٹل میں رات بھر قیام کے بعد سابق وزیراعظم کا قافلہ اس وقت لالہ موسی‘کھاریاں سے ہوتا ہوا گجرات کے راستے میں ہے ۔

مریم صفدر اپنے ٹوئٹرپغام میں کہا ہے کہ نوازشریف نمازجمعہ کے بعد گجرات میں اجتماع سے خطاب کریں گے-امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ کھاریاں، لالہ موسیٰ بھی نواز ریلی کے ممکنہ مختصر اسٹاپس ہوسکتے ہیں ۔قافلے کے ساتھ موجود غیرملکی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے مطابق 2 ہزار سے 3 ہزار افراد کھاریاں کے مقام پر سابق وزیراعظم کی ریلی کے استقبال کے لیے موجود ہیں۔دوسری جانب گوجر نوالہ میں لیگی کارکنان نے نواز شریف کے خطاب کے لیے اسٹیج اور ساو نڈ سسٹم سمیت دیگر انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

بذریعہ جی ٹی روڈ جہلم سے گوجرانوالہ کا راستہ ڈیڑھ سے 2 گھنٹے پر مشتمل ہے تاہم نواز شریف کے قافلے کو یہاں تک پہنچنے میں شام ہوسکتی ہے۔پاکستان مسلم لیگ نواز کی جانب سے جاری ہونے والے شیڈول کے مطابق نواز شریف آج شب گوجر نوالہ میں قیام کریں گے اور ہفتے کی صبح لاہور کا سفر دوبارہ شروع کریں گے۔ نامعلوم وجوہات کی بنا پر کل روالپنڈی سے قافلے کی رفتار میں کمی نہیں آرہی اور آندھی طوفان کی طرح منزلوں پر منزلیں طے کرتا آرہا ہے -مسلم لیگ نون کے پروگرام کے مطابق جی ٹی روڈکا انتخاب اسی لیے کیا گیا تھا کہ نوازشریف جی ٹی روڈ پر تمام چھوٹے ‘بڑے شہروں‘قصبوں میں جلسے کرتے ہوئے چھ سے سات دن کے اندر لاہور پہنچیں گے مگر نامعلوم وجوہات کی بناپر جمعرات کے روز روالپنڈی میں سارے پروگرام کو تبدیل کردیا گیا تھا-سرگودھا کے میئر اسلم نوید نے نون لیگ کے قائد کے خصوصی استقبال کے لیے منفرد انداز اپناتے ہوئے ہیلی کاپٹر کا انتظام کرلیا ہے۔

ایک بیان میں میئر اسلم نوید نے دعوی کیا کہ سابق وزیراعظم کے قافلے کے استقبال پر گل پاشی کے لیے ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا جائے گا جبکہ سرگودھا سے ہزاروں کارکنان کالا شاہ کاکو اور لاہور کی جانب روانہ ہوں گے۔پنجاب کے کئی اضلاع کے میئرصاحبان کو بھی ٹارگٹ دیا گیا ہے کہ وہ کالاشاہ کاکو اور شاہدرہ میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو لیکر پہنچیں جبکہ ایک دعوی یہ بھی سامنے آیا ہے کہ پنجاب حکومت اور ضلعی حکومت کے ملازمین کو زبانی احکامات دیئے گئے ہیں کہ وہ کالاشاہ کاکو اور شاہدرہ پر اپنی حاضری کو یقینی بنائیں- دوسری جانب لاہور میں نوازشریف کے قافلے کی سیکورٹی کے لیے اضافی نفری پہنچ گئی ہے۔ ملتان، ساہیوال اوروہاڑی سے پولیس اہلکار لاہور پہنچ گئے جبکہ پنجاب کانسٹیبلری کے اہلکاروں کو بھی لاہور طلب کرلیاگیا ہے۔