نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہسپتالوں کی سکیورٹی میں بہتری کی ہدایت، اربن ڈسپینسریوں کی بحالی،تعمیر ومرمت کا فیصلہ

 
0
60

ڈسٹرکٹ وتحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں پرائیویٹ اینتھسزیا لوجسٹ کی خدمات حاصل کرنیکی ہدایت، صفائی انتظامات بہتر کئے جائیں
کم آمدن لوگوں کی سہولت کیلئے یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں انتظامی بہتری لائی جائیگی،نگران وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس
لاہور14جون: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صد ارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ہسپتالوں میں ہیلتھ کیئر کی سہولتوں میں بہتری کے امور کا جائزہ لیا گیا۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتالوں کی سکیورٹی میں بہتری لانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ اجلاس میں لاہورسمیت5 شہروں میں اربن ڈسپینسریوں کی بحالی اورتعمیر ومرمت کا فیصلہ کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں صفائی کی صورتحال میں بہتری لائی جائے اور اے سی،پنکھے،واٹر کولر فنکشنل ہونے چاہئیں۔ نگران وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ اورتحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں پرائیویٹ اینتھسزیا لوجسٹ کی خدمات حاصل کی جائیں۔ اجلاس میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ کم آمدن والے لوگوں کی سہولت کیلئے یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں انتظامی بہتری لائی جائے گی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پرائمری اورسکینڈری ہیلتھ کیلئے100ایمبولینس مہیاکردی گئی ہیں جبکہ112مزیددی جائیں گی۔ ڈیجیٹل سسٹم کے تحت دیہی و علاقائی ہسپتالوں میں مریض کی آمدورفت اورعلاج کی مانیٹرنگ جاری ہے جبکہ119رولرہیلتھ سینٹرز کی سروسز میں بہتری کا ہدف جلد حاصل کرلیا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ اورتحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں تھری کلربیڈشیٹ اورایمرجنسی کیلئے ڈسپوزیبل بیڈشیٹ مہیا کی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر، سیکرٹری صحت، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ہیلتھ انیشیٹو مینجمنٹ کمپنی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔