میں نے کرپشن کی ہوتی تو کان سے پکڑکرباہرنکال دیتے،میری آنکھ شرم سے نہ اٹھتی،   محمد نوازشریف

 
0
367

 

لاہور 12اگست (ٹی این ایس ) مریدکے  پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ اگر  نوازشریف نے کرپشن کی ہوتی تو کان سے پکڑکرباہرنکال دیتے۔تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ  آنکھ شرم سے نہ اٹھتی کہ ادھر آپ وزیراعظم بناتے ہیں ادھر  وہ پرچی کو پھاڑکرہاتھوں میں تھمادیتے ہیں،انشاء اللہ مسلم لیگ ن ووٹ کااحترام کروائے گی،یہ فیصلہ دنیامیں پاکستان کی رسوائی کافیصلہ ہے،پاکستان کے عوام نے فیصلے کومستردکردیاہے،جلدمیراپیغام آپ تک پہنچے گا،انقلاب کیلئے تیاررہنا۔انہوں نے مریدکے میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کامونکی اور مریدکے لوگوں کایہ جذبہ پہلے کبھی نہیں دیکھا۔پریشان مت ہونایہ آپ کی جیت ہورہی ہے۔مریدکے لوگ  مجھے سوچ کربتائیں کہ پاکستان کے اصلی مالک کون ہیں؟ یہ 20کروڑعوام ہیں۔پاکستان کوبنے سترسال ہوگئے۔اب ہم عوام کومالک بنائیں گے۔نوازشریف آج آپ کے پاس آیاہے آپ نے نوازشریف کو وزیراعظم بنا کراسلام آباد بھیجا تھا۔انہوں نے کہاکہ آپ کوعدالت کافیصلہ منظورہے؟نوازشریف نے ایک پائی کی بھی کرپشن کی ہوتی تومجھے کان سے پکڑکرباہرنکال دیتے۔

میری شرم سے آنکھ نہ اٹھتی،زیادتی کی گئی ہے۔کوئی کرپشن نہیں کی نہ ہی ہیرپھیرہوئی ہے۔مجھے کہہ رہے ہیں کہ آپ نے اپنے بیٹے کی کمپنی سے تنخواہ لی ہے۔کوئی باپ بھی تنخواہ لیتاہے؟مریدکے والوں کویہ فیصلہ منظورہے؟نوازشریف نے کہا کہ آپ کے ووٹ کی پرچی کی کیاحیثیت ہے؟وہ پھاڑکرہاتھوں میں تھمادیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آپ نے وزیراعظم بنایامیں خدمت کررہاتھا۔بجلی پیداکی۔سڑکیں بن رہی تھیں۔موٹرویزبن رہے تھے۔کراچی سے لاہورموٹروے بن رہی تھی ،سی پیک بن رہاتھا۔نوجوانوں کوروزگارملنا شروع ہوگیا تھا۔اگرترقی کی یہی اسپیڈجاری رہتی تواگلے دوتین سالوں میں پاکستان سے بے روزگاری کاخاتمہ ہوجاتا۔ٹیوب ویل،پنکھا،کارخانہ 2013ء میں نہیں چلتاتھا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے  سوادنیامیں ایساکوئی ملک نہیں جہاں یہ کھیل تماشاہورہاہو۔یہ گھناؤنامذاق صرف پاکستان میں ہورہاہے۔انشاء اللہ آپ کے ووٹ کااحترام مسلم لیگ ن کروائے گی۔آپ نے ایک وزیراعظم کی تذلیل کرکے باہرنکال دیا۔کیا یہ ووٹ کااحترام ہے؟انہوں نے کہاکہ اس ملک میں پھرکیاہوناچاہیے؟انقلاب آناچاہیے یانہیں؟یہ فیصلہ دنیامیں پاکستان کی رسوائی کافیصلہ ہے۔پاکستان کے عوام اس فیصلے کومستردکررہے ہیں۔پاکستان کی دنیامیں توقیراور عزت پرآنچ آرہی ہے۔مجھے یہ منظورنہیں۔انہوں نے کہاکہ اگرآپ کاجذبہ سلامت ہے توپھرآپ عزت دارشہری بنیں گے۔انہوں  نے کہاکہ پاکستان ترقی کی بلندیوں پرجائے گا۔ہم نے ملک کے اندرانقلاب لے کرآناہے۔کیاآپ نوازشریف کاساتھ دوگے؟نوازشریف بھی آپ کوکبھی دھوکہ نہیں دے گا۔بلکہ نوازشریف آپ کیساتھ ہمیشہ وفاکرے گا۔انہوں نے کارکنوں سے وعدہ لیاکہ نوازشریف کاجلد آپ تک پیغام پہنچ جائے گاپھرمیرے قدم سے قدم ملاکرچلنا۔