کراچی(ٹی این ایس) پاکستانی روپیہ کے مقابلے میں انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں ایک ماہ کے بعد بڑی کمی ہوگئی۔

 
0
70

کرنسی ڈیلرز کے مطابق جمعرات کے روز کاروبار کے دوران انٹر بینک میں ڈالر ایک روپے 98 پیسے سستا ہو گیا، انٹر بینک میں ڈالر 306 روپے 98 پیسے سے گر کر 305 روپے پر آگیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی ) کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 12 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ انٹر بینک میں ڈالر 307.10 روپے سے کم ہو کر 306.98 روپے کی سطح پر بند ہوا تھا۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں 7 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد نئی قیمت 315 روپے ہوگئی۔
یاد رہے کہ ڈالر کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے اور ان جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے امریکی کرنسی کی قیمتوں میں کمی سامنے آرہی ہے۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا رجحان برقرار ہے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 46 ہزار پوائنٹس کی حد بحال ہوگیا۔ ہنڈریڈ انڈیکس 200 پوائنٹس بڑھکر 46007 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ ماہرین کے مطابق ڈالر کی قدر گرنے اور آرمی چیف سے ملاقات کے بعد انویسٹرز کا اعتماد بحال ہوگیا۔