اسلام آباد(ٹی این ایس)سوشل میڈیا پرمنفی عناصر افواج پاکستان کی خاموش قربانیوں سے نابلد ہیں: محمد طاہر

 
0
46

(1965)
کی جنگ پاکستانی عوام نے اپنی سپاہ کے شانہ بہ شانہ لڑ کر جیتی: میاں محمد جاوید و دیگر مقررین کا خطاب

اسلام آباد (پ۔ر) چھ ستمبر نہ صرف پاکستان کا یوم دفاع بلکہ قومی سلامتی کا بھی مظہر ہے۔ اس یادگار موقع نے یہ ثابت کر دیا کہ اگر ایک قوم، کئی گنا طاقتور دشمن کے سامنے ڈٹ جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے شکست نہیں دے سکتی۔ ان خیالات کا اظہار لیفٹیننٹ جنرل (ر) رضا محمد خان نے نظریہ پاکستان کونسل میں یوم دفاع کےموقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس وقوعہ کا پس منظر سمجھانے کیلئے 6 ستمبر 1965ء سے کچھ عرصہ پہلے کے واقعات کا تفصیل سے ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح لاہور اور سیالکوٹ سیکٹرز میں ہمارے جوانوں نے اسلحہ اور ٹینکوں کی کم تعداد کے باوجود دشمن کے مسلح ڈویژنز کو ہفتوں روکے رکھا جسکے دوران دشمن کو بہت نقصان اٹھانا پڑا۔ انکا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر ریڈکلف، گورداسپور بھارت کو نہ دے دیتا تو آج پورا کشمیر پاکستان کے ساتھ ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ عرصے سے ہمارے دشمن نے ہائی برڈ وار شروع کر رکھی ہے۔ جو ابھی ختم نہیں ہوئی۔ جس میں سوشل میڈیا اور کچھ نجی ٹی وی چینلز کا منفی کردار بھی بہت افسوسناک ہے۔ عوام کو اس صورتحال سے آگاہ رہنا چاہئیے۔ تقریب کے میزبان میجرجنرل (ر) محمد طاہر نے مہمان خصوصی کا مفصل تعارف کروانے کے بعد کہا کہ 6 ستمبر ایک بہترین موقع تھا جب پاکستانی قوم نے متحد ہوکر بھارت جیسے مکار دشمن کا پامردی سے مقابلہ کیا اور کامیابی حاصل کی۔ انکا کہنا تھا کہ آج بھی پاکستانی عوام کو اسی جذبے اور اتحاد کی ضرورت ہے۔ عام پاکستانی اور محب وطن صحافی، پروپیگنڈہ کرنے والے چند گنے چنے اینکرز کو ضرور جواب دیں۔ دراصل ایسے منفی عناصر افواج پاکستان کی خاموش قربانیوں سے نابلد ہیں۔ این پی سی کے چیئرمین میاں محمد جاوید نے صدارتی خطاب میں کہا کہ سن 1965ء کی جنگ پاکستانی عوام نے اپنی سپاہ کے شانہ بہ شانہ لڑ کر جیتی۔ چاہے میدان جنگ ہو یا سوشل میڈیا کا محاذ، عوام افواج پاکستان کے ساتھ ہر محاذ پر ڈٹ کر کھڑے ہیں۔کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کی سینئر رکن نرگس ناصر نے کہا کہ افواج پاکستان کا ہر شعبہ بہترین صلاحیتیں رکھتا ہے۔ ہمارے بعض ٹی وی چینلز منفی پروپیگنڈے سے عوام کو گمراہ کرنے پہ لگے ہیں۔میں خود پیمرا میں رہی ہوں۔ پیمرا کو چاہئیے کہ وہ انکی گوشمالی کرے۔ دی پاکستان آبزرور کے ایڈیٹر ان چیف فیصل زاہد ملک نے کہا کہ میں پاک فوج کو سلام پیش کرتا ہوں۔ جس کے جری اور دلیر جوان آئے روز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔
فیک نیوز کے ذریعے سوشل میڈیا کا غلط استعمال ہو رہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر سطح پر ان منفی رجحانات کا ٹھوس جواب دیا جائے تاکہ عام آدمی تک درست خبر پہنچائی جا سکے۔ آخر میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) رضا محمد خان نے شرکائے محفل کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت الحمدللہ پاکستان کا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے۔