لاہور(ٹی این ایس) ’بیان بازی ٹھیک نہیں‘، چودھری شجاعت کا زرداری کو ن لیگ سے محاذ آرائی نہ کرنے کا مشورہ

 
0
111

 سابق صدر آصف زرداری اور مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
سابق صدر آصف زرداری اور چودھری شجاعت کے درمیان ملاقات میں ملک میں جاری سیاسی اور معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس دوران چودھری شجاعت نے آصف زرداری سے کہا کہ آج کل (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان جو بیان بازی چل رہی ہے اس سے سیاسی کشیدگی نظر آرہی ہے یہ ٹھیک نہیں، اس پر آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے ایسا کچھ نہیں کیا، ہم آئین اور زمینی حقائق کے مطابق بات کررہے ہیں کسی سے محاذ آرائی نہیں جس پر چوہدری شجاعت نے کہا کہ ایسا نہیں کرنا چاہیے۔
چودھری شجاعت نے کہا کہ ملک محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا لہٰذا ملکی صورتحال کی وجہ سے مل کر چلنے کی ضرورت ہے، سیاسی محاذ آرائی پر نواز شریف سے بھی بات کروں گا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ایک بیان دیا گیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ 2013 کے الیکشن میں جنرل پاشا، افتخار چودھری اور ایک سیاسی جماعت نے منصوبہ بندی کر کے پیپلز پارٹی کو پنجاب سے نکالا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کے بیان پر مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے بیانات بھی سامنے آئے تھے جس کے بعد حال ہی میں ایک ساتھ حکومت کرنے والی اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے لفظی جنگ شروع ہو گئی تھی۔
بعد ازاں بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے مسلم لیگ ن سے لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا جس پر سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا فیلڈ تیار ہی نہیں تو لیول کس طرح ہو گی۔