اسلام آباد(ٹی این ایس)نجی اراضی ایکوائر کیس:چیف جسٹس کا ایڈیشنل اٹارنی جنرل کیساتھ سخت مکالمہ

 
0
119

نجی اراضی سرکار کیلئے ایکوائر کرنے کے کیس میں سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف حکومتی اپیل مسترد کردی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں نجی اراضی سرکار کیلئے ایکوائر کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں بنچ نے کیس کی سماعت کی، دوران سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا ایڈیشنل اٹارنی جنرل کیساتھ سخت مکالمہ ہوا۔

چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ یہ ایف ڈبلیو او کیا ہے؟عدالتی فیصلے پر کیا عملدرآمد ہوا؟ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ فریقین میں سمجھوتہ ہو گیا۔

چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا عملدرآمد رپورٹ کیوں جمع نہیں کرائی؟کیا یہ کوئی ریاستی راز ہے جو عدالت کے سامنے نہیں کھولنا چاہتے؟آپ اپنا کام کیوں نہیں کرتے؟کیا فیصلے میں یہ لکھیں کہ آپ عدالتی سوالات کا جواب دینے کے اہل نہیں؟

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ مجھے اٹارنی جنرل نے کیس میں پیش ہونے کا کہا۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ عدالت آپ کو جرمانہ کرے گی۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ جرمانہ کر دیں میں ادا کر دوں گا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جرمانہ آپ کو اپنی جیب سے ادا کرنا ہوگا۔آپ کی فراخ دلی پر جرمانہ نہیں کررہے۔بعد ازاں سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل مسترد کردی،سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔

یاد رہے کہ مانسہرہ میں نجی زمین سرکاری کیلئے 15ہزار روپے فی ایکڑ پر حاصل کی گئی تھی،پشاور ہائیکورٹ نے رقم فی ایکڑڈیڑھ لاکھ روپے کردی تھی