پانامہ کیس میں نیب نے نواز شریف ، حسن نوازاور حسین نواز کو 18اگست کو طلبی کے سمن جاری کر دیئے

 
0
526

اسلام آباد اگست 17(ٹی این ایس)نیب نے پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد نواز شریف اور ان کے دونوں صاحبزادے حسن اور حسین نواز کو 18اگست کوراولپنڈی آفس میں طلبی کے سمن جاری کر دیئے ہیں جبکہ وزیر خزا نہ اسحاق ڈار اور طارق شفیع کو لاہور میں نیب کے دفتر 23اگست  کو طلب کیا گیا ہے ، شریف خاندان کے خلاف دو مشترکہ تحقیقاتی ٹیموں نے کام کا آغاز بھی کر دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق نیب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے دونوں صاحبزادوں حسن نوا ز اور حسین نواز کو 18اگست کو طلب کر نے کا فیصلہ کیا ہے جس میں عزیزیہ سٹیل ملز کیس کے حوالے سے بیانات ریکارڈ کئے جائیں گے ۔ نیب کی جانب سے پانامہ کیس کے فیصلے میں سپریم کورٹ کی طرف سے دیئے گئے حکم پر ریفرنسز تیار کئے جا رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب راولپنڈی شریف فیملی کی11 کے قریب کمپنیوں کی تحقیقات کرے گی ۔

ذرائع کے مطابق شریف خاندان کیخلاف 4 ریفرنسز کی تیاری کے لیے 2 مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم لاہور کی سربراہی میجر(ر)شہزاد سلیم ،راولپنڈی ٹٰیم کی سربراہی ڈائریکٹرنیب راولپنڈی رضوان احمدہیں جبکہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم راولپنڈی کی نگرانی ڈی جی نیب پنڈی ناصر اقبال کرینگے۔ دوسری طرف نیب لاہور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس تیار کرتے ہوئے نیب لاہور کی ٹیم نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس اور اسحاق ڈار کے اثاثوں کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور اس سلسلے میں باقاعدہ طور پر ایس ای سی پی کو ہدایت کی ہے کہ وزیر خزانہ کی 7کمپنیوں کا ریکارڈ پیش کر ے ۔نیب نے اسحاق ڈار کی اہلیہ ، بہو اور دونوں بیٹیوں کی کمپنیوں کا ریکار ڈ طلب کرتے ہوئے ایس ای سی پی حکام کو بھی طلب کر لیا ہے ۔