حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے یکسو ہے اور اس کے خاتمے کے لئے بھرپور محنت کررہی ہے، صدر مملکت ممنون حسین

 
0
459

اسلام آباد اگست 17(ٹی این ایس) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے پولیو کے خاتمے کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس کے نتیجے میں اس سال پولیو کے صرف تین واقعات سامنے آئے ہیں۔ انسداد پولیو مہم کی کامیابی کی اس رفتار کے پیش نظر قوی امید ہے پاکستان سے اس مرض کا جلد خاتمہ ہوجائے گا۔

صدر مملکت نے یہ بات روٹری فاونڈیشن کے سربراہ کلیان بینر جی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر فاؤنڈیشن کے سینئر رکن عزیز میمن ، پنجاب چیپٹر کی گورنر مسز فائزہ قمر اور سندھ بلوچستان چیپٹر کے گورنر اویس کوہاری اور حکومت پاکستان کے انسداد پولیو ایمرجنسی آپریشن سیل کے سربراہ ڈاکٹر رانا صفدر سمیت دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پولیو کے پھیلاؤ کا ایک بڑا سبب عسکریت پسندی تھی جس پر بڑی حد تک قابو پایا جا چکا ہے، اس کے نتیجے میں توقع ہے کہ ملک سے اس مرض کا مکمل طور پر خاتمہ ہو جائے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے یکسو ہے اور اس کے خاتمے کے لئے بھرپور محنت کررہی ہے جس کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح کے امراض کے پھیلاؤ کا ایک سبب ناخواندگی اور حفظان صحت کے اصولوں سے ناواقفیتبھی ہے۔ اس سلسلے میں حکومت ایک جامع منصوبے پر کام کررہی ہے جس کے تحت پرائمری تعلیم مکمل طور پر خواتین کے سپرد کردی جائے گی جس سے خواتین کی شرح خواندگی میں اضافے کے علاوہ صحت کے بارے میں بھی شعور بیدار ہوگا اور معاشرے سے متعدی امراض کے خاتمے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر روٹری فاونڈیشن کے سربراہ کلیان بینر جی نے پولیو کے خاتمے کے سلسلے میں اپنی کوششوں سے صدر مملکت کو آگاہ کیا اور کہا کہ انسداد پولیو کے سلسلے میں فاونڈیشن حکومت پاکستان سے تعاون جاری رکھے گی۔ انھوں نے پولیو کے خلاف کامیاب مہم کے سلسلے میں وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ اور وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر سارا رضا فاروق کی خدمات کی بھی تعریف کی۔