لاہوراگست17(ٹی این ایس) پاکستان ریلویز کی آزادی ٹرین لاہور میں دو روز قیام کے بعد روانہ ہوگئی۔ والٹن ریلوے اسٹیشن پر رکن پنجاب اسمبلی یٰسین سوہل کے ساتھ اہم شخصیات اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے آزادی ٹرین کا شاندار استقبال کیا اس موقع پر فنکاروں اور گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہر ہ کیا۔ بزرگوں، عورتوں، بچوں اور طالب علموں کا ٹرین کودیکھنے کے لیے ہجوم لگا رہا۔ آزادی ٹرین رات ساہیوال میں قیام کے بعد جمعہ کے روز چیچہ وطنی ، میاں چنوں اور خانیوال میں سٹاپ کرنے کے بعد 18 اور 19 کی شب ملتان ریلوے اسٹیشن پر قیام کرے گی۔آزادی ٹرین کی پانچوں گیلریز آزادی کے حصول میں دی گئی قربانیوں کو ظاہرکرتیں ہیں جبکہ 6فلوٹس تمام صوبوں اور آزادکشمیر کی ثقافت کو اجاگر کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ آزادی ٹرین پورے ملک میں ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کا پیغام پہنچانے میں اہم ثابت ہوگی۔