جدید کمپیوٹرائز 55 لوکوموٹیوز پاکستان ریلویز کے لوکوموٹیوز فلیٹ کا حصہ بن گئے

 
0
327

لاہوراگست17(ٹی این ایس) امریکہ سے درآمد کردہ چار ہزار ہارس پاور کے جدید کمپیوٹرائز 55 لوکوموٹیوز پاکستان ریلویز کے لوکوموٹیوز فلیٹ کا حصہ بن گئے ہیں۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے جدید انجنوں کے فلیٹ کا حصہ بننے پر چیف ایگزیکٹو آفیسرپاکستان ریلویز محمدجاوید انور ، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینکل انصرباللہ ، انتظامیہ اورکارکنوں کومبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جدیدانجن پاکستان ریلوے کے کماؤ پوت ہیں۔ جو بحالی اور جدت کی راہ پر گامزن پاکستان ریلویز کی آمدن میں اضافے کا باعث بنیں گے اور یہ قومی ادارہ ملک کی صنعتی اور کاروباری برادری کی بہتر طور پر خدمت اور ملکی معیشت میں بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرسکے گا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اب دوسرے مرحلے میں بولان سیکشن میں پسنجر ٹرینوں کے لیے 20 خصوصی انجن درآمد کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑی علاقوں میں ڈائنامکس بریکس کے حامل انجنوں کی درآمد اگلے برس کے آخر تک مکمل کرلی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ریلویز لوکوموٹیوز کے حوالے سے آنے والے دنوں کی ضروریات سے مکمل آگاہ ہے اور اس حوالے سے منصوبہ بندی کرلی گئی ہے۔ 2025 تک نئے اورجدید انجنوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے 300 انجنوں کی خرید کے لیے پی سی ون تیار کرکے پلاننگ کمشن کو ارسال کردیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان ریلویز میں انقلابی تبدیلیاں آرہی ہیں اور ایک جدید ریلوے کے قیام کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔