غزہ(ٹی این ایس) اسرائیلی فوج کی پہلےبمباری، پھر الشفا ہسپتال سے انخلا میں تعاون کی پیشکش

 
0
121

اسرائیلی فوج نے غزہ میں ایک بار پھر ہسپتالوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت کئی فلسطینی شہید ہوگئے ہیں تاہم اب صیہونی فوج نے غزہ کے سب سے بڑے اسپتال سے فلسطینیوں کے انخلا میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔

فلسطینی وزارت صحت نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی ٹینکوں نے الشفا میڈیکل اسپتال کے اندرونی صحوں کو نشانہ بنایا ہے، الشفا اسپتال میں اسرائیلی حملے کے بعد آگ بھی بھڑک اٹھی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ کے سب سے بڑے الشفااسپتال سے انخلا میں تعاون کریں گے، اتوار کو الشفا اسپتال سےبچوں کونکالنےمیں مدد کریں گے۔

دوسری جانب اسرائیلی فو ج نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس شمالی غزہ کا کنٹرول کھو چکی ہے، حماس کی ہدایات کےخلاف رہائشیوں نے جنوب کی طرف انخلا کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز غزہ کے سب سے بڑے الشفا اسپتال کے سربراہ نے عرب میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ اسرائیلی بمباری کے باعث اسپتال میں تمام سرجیکل آپریشنز رک چکے ہیں اور ہم موت سے چند منٹس کی دوری پر ہیں۔

عرب میڈیا سے گفتگو میں غزہ میں الشفا اسپتال کے منیجر محمد ابوسلمیہ نے بتایا کہ الشفا اسپتال کے اطراف ہر شخص کو اسرائیلی طیارے اور اسنائپرز نشانہ بنا رہے ہیں، ہم زخمیوں کو اٹھانےکے لیے اسپتال سے باہربھی نہیں جا سکتے۔