نوجوان طلبا سوشل میڈیا پر معاندانہ بیانیہ اور داعش سے منسلک تنظیموں سے بہت زیادہ محتاط رہیں:آرمی چیف

 
0
400

راولپنڈی اگست17(ٹی این ایس)آرمی چیف جنر ل قمر جاوید باوجوہ نے کہا ہے کہ نوجوان طلبا سوشل میڈیا پر معاندانہ بیانیے اور داعش سے منسلک تنظیموں سے بہت زیادہ محتاط رہیں، پائیدار امن کے لیے ہم میں سے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہے ، پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ساتھ وابستہ ہے ،نوجوان کامیابی کے لیے شارٹ کٹس کی طرف نہ جائیں بلکہ میرٹ اور قانون کی حکمرانی پر عمل کریں،پاکستانی نوجوان ملک کو امن و خوشحالی کی طرف لے جائیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان خیالات کا اظہار آرمی چیف نے آئی ایس پی آرکے ڈائریکٹوریٹ کا دورہ کرتے ہوئے انٹرن شپ کر نے والے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی شہری آپریشن ردالفساد کا سپاہی ہے اور مجھے پوری طرح سے یقین ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیوں کا ادراک ہے اور اپنے ملک کا مقام بلند کر نے کے لئے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے نوجوان داعش کا بڑا ہدف ہیں اور ہمارے نوجوانوں کو ان سے بہت زیادہ محتاط رہتے ہوئے حقیقت میں ملک اور قوم کی فلاح اور ترقی کے لئے کام کرنا ہو گا تاکہ ہم ملک کو امن و خوشحالی کی طرف لے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کوتشدد ، دہشت گردی سے نجات دلانے میں پاک فوج نے عظیم کامیابی حاصل کی ،پاک فوج ایک محفوظ اور مستحکم پاکستان کے قیام کا عزم کیے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ ، پاکستانی فوج اندرونی ، بیرونی خطرات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور اس کے لئے بھر پور کاوشیں جا ری ہیں ۔