سیکورٹی خدشات،افغانیوں کی رجسٹریشن کیلئے قائم مراکز کو سکیورٹی فراہم کردی گئی

 
0
546

اسلام آباداگست18(ٹی این ایس)سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ملک بھر میں افغانیوں کی رجسٹریشن کیلئے قائم کردہ مراکز کو سیکورٹی فراہم کر دی گئی۔ تمام مراکز پر کم از کم تین سیکورٹی اہلکار تعینات کر دئیے گئے۔ سیکورٹی خدشات ہی رجسٹریشن مراکز کو فعال کرنے میں تاخیر کا باعث بنی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افغانیوں کو قانونی حیثیت دینے کیلئے وزارت سیفران کے ماتحت قائم کئے گئے 21مراکز کی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ تمام رجسٹریشن کے مراکز میں کم از کم تین تین سیکورٹی اہلکار تعینات کر دئیے گئے ہیں۔ 16اگست سے ملک بھر میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افغانیوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جس کے لئے خیبر پختونخوا میں 11بلوچستان میں 5، پنجاب میں 3جبکہ سندھ اور وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ایک ایک مرکز قائم کیا گیا ہے۔اس سے قبل سیکورٹی خدشات کے پیش نظر تمام رجسٹریشن مراکز کو فعال کرنے میں تاخیر ہو گئی تھی ،واضح رہے کہ رجسٹریشن مراکز نے 10اگست سے کام شروع کرنا تھا تاہم سیکورٹی خدشات کے باعث انہیں 16اگست سے فعا ل کیا گیا ۔ اب جبکہ تما م رجسٹریشن مراکز نے اپنا کا م باقاعدگی سے شروع کر دیا ہے اور پاکستان بھر میں غیر قانونی رہائش پذیر افغانیوں کی رجسٹریشن کیلئے مراکز پر لمبی لمبی قطار یں لگ گئی ہیں ۔ایسے میں سیکورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے اور تمام مراکز پر کم از کم تین تین سیکورٹی اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ خصوصاً خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مراکز پر سیکورٹی اہلکاروں کی تعداد زیادہ رکھی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹا جا سکے۔