کراچی(ٹی این ایس) اسموگ سے متاثرہ کراچی میں بارش کب متوقع ہے؟

 
0
86

کراچی میں آئندہ چند روز کے دوران مغربی ہواؤں کے زیر اثر ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار اویس حیدر کے مطابق کراچی کا فضائی معیار اس وقت شدید متاثر ہے، شمال مشرق سے ہلکی ہوا کے باعث فضا میں آلودہ ذرات موجود ہیں۔
اویس حیدر نے بتایا کہ ہوا میں زائد نمی کے تناسب اور ہلکی ہوا کے باعث شہر کی فضا میں دھند موجود ہے اور دھند آلودہ ذرات کے ساتھ مل کر اسموگ کی شکل اختیار کر گئی ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار نے شہر کے درجہ حرارت کے حوالے سے بتایا کہ آنے والے ہفتے کے دوران شہر کا درجہ حرارت 13 سے 15 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ 21 اور 22 دسمبر کے دوران مغربی ہواؤں کے زیر اثر ہلکی بارش متوقع ہے، ہلکی بارش کے بعدکراچی کا فضائی معیار بہتر ہونےکا امکان ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم خشک اور راتیں سرد رہنے کا امکان ہے۔
آج صبح شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 24 گھنٹوں میں کم سےکم درجہ حرارت 13 سے15 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح سے دھند موجود ہےجس کے سبب حدنگاہ 1.5 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی، شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 84 فیصد ہے اور شمال مشرق سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔