اسلام آباد(ٹی این ایس) پاکستان کا غزہ بارے عالمی عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم، فیصلے پر موثر عملدرآمدکیا جائے ، دفتر خارجہ

 
0
48

پاکستان نے عالمی عدالت انصاف کی جانب سے غزہ کے لئے عبوری حکم کا خیرمقدم کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ عالمی عدالت نے قرار دیا کہ وہ اسرائیل کے خلاف کیس سننے کا اختیار رکھتی ہے، سات اکتوبر 2023 سے اسرائیل فلسطینی عوام کے خلاف فوجی جارحیت اور مجرمانہ کارروائیوں میں مصروف ہے، ہم عالمی عدالت کے فیصلے کو بروقت اور فلسطینی عوام کے لئے انصاف کے حصول کے لئے اہم سنگ میل سمجھتے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ عالمی عدالت کے فیصلے کو اسرائیل کے بین الاقوامی احتساب کے لئے بھی ایک اہم سنگ میل سمجھتے ہیں، پاکستان عالمی عدالت کے فیصلے پر مکمل اور موثر عملدرآمد کا مطالبہ کرتا ہے، عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کو ان کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کے لئے ان کی منصفانہ اور جائز جدوجہد میں اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ عالمی عدالت نے اسرائیل کو حکم دیا ہے کہ غزہ میں نسل کشی کی کارروائیوں کو روکنے کیلئے اقدامات کرے، غزہ کے عوام کو درپیش مصائب کے خاتمے کے لئے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی ضرورت ہے۔